بیجنگ۔ 18؍مئی (سیاست ڈاٹ کام)۔ چینی بحریہ کے دو بحری جہاز مشرقی بحریہ کے کمانڈ ہیڈکوارٹرس وشاکھاپٹنم کا خیرسگالی دورہ کررہے ہیں۔ چین کے مزائل بردار فریگیٹ ویفانو اور چینی بحریہ کا ایک زیر تربیت بحری جہاز کل وشاکھاپٹنم کی بندرگاہ پر پہنچ گیا۔ یہ بحری جہاز چار روزہ سرکاری دورہ پر ہے۔ چین کے سرکاری خبر رساں ادارہ ژنہوا نے آج خبر دی کہ ان کا یہ دورہ ہندوستانی بحریہ کے بحری جہاز INS شیوالک کے چین کی بندرگاہوں شنگھائی اور قیناڈاؤ کے دورہ کا جوابی خیرسگالی دورہ ہے۔ شیوالک نے چینی بحریہ کی 65 ویں یوم تاسیس تقریب میں شرکت کے لئے چینی شہروں کا دورہ کیا تھا۔ گزشتہ ماہ یہ تقاریب بندرگاہی شہر قیناڈاؤ میں منعقد کی گئی تھیں۔ چین اور ہندوستان نے گزشتہ چند برسوں سے خیرسگالی تعلقات میں نمایاں اضافہ ہوگیا ہے، حالانکہ چین ہندوستان کے پڑوسی ملک پاکستان کا مستقل حلیف ہے جس کے ساتھ ہندوستان کے تعلقات ہنوز کئی دیرینہ تنازعات کا شکار ہیں۔