بیجنگ ۔ 6 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) چین کی فوج کو دنیا کی اعظم ترین اور طاقتور ترین فوج تصور کیا جاتا ہے، نے آج صدر ژی جن پنگ کے تئیں مکمل وفاداری کا عہد کیا ہے اور اس طرح صدر موصوف کا حالیہ کانگریس میں کامیابی کے بعد موقف مزید مستحکم ہوگیا ہے۔ کمیونسٹ پارٹی کے بانی آنجہانی ماؤزے ڈینگ کے بعد جن پنگ کی قیادت کا موقف حاصل ہونا کسی اعزاز سے کم نہیں۔ یاد رہیکہ 63 سالہ جن پنگ کمیونسٹ پارٹی آف چائنا کی قیادت کرتے ہیں اور جنرل سکریٹری کی حیثیت سے فرائض انجام دیتے ہیں۔ یہ ذمہ داریاں ان کے ملک کے صدر ہونے کی حیثیت کے علاوہ ہیں۔ دریں اثناء چین کی فوج کے اعلیٰ سطحی عہدیدار نے ایک بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ چینی افواج صدر موصوف کی وفادار، مخلص اور قابل بھروسہ رہے گی اور سنٹرل ملٹری کمیشن (CMC) کے صدرنشین ژی جن پنگ کے ہر احکام کی تعمیل کرے گی۔ آٹھ رکنی سی ایم سی 2.3 ملین طاقتور ترین پیوپلز لبریشن آرمی کی ہائی کمانڈ کے طور پرکام کرتی ہے اور اس میں جن پنگ واحد سویلین ہیں۔