چینیوں کیلئے دورۂ ہند پر سفری انتباہ کا امکان : بیجنگ

بیجنگ ۔ 5 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) چین نے آج کہا کہ سکم سیکٹر میں جاری سرحدی تعطل و کشیدگی سے پیدا شدہ سیکوریٹی صورتحال کے پیش نظر وہ ہندوستان کا سفر کرنے والے اپنے شہریوں کیلئے سفری انتباہ کی اجرائی کے امکانات پر غور کررہا ہے۔ وزارت خارجہ کے ترجمان گینگ شوآنگ نے اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ’’حکومت چین متعلقہ ممالک میں امن و سلامتی کی صورتحال کے مطابق سمندر پار چینی شہریوں کے مفادات، قانونی حقوق اور تحفظ کو نمایاں اہمیت دیتی ہے‘‘۔ ہندوستان میں چینی سرمایہ کاروں کو خبردار کرنے سے متعلق چینی میڈیا میں شائع ہونے والے مضامین کے بارے میں ایکسوال پر گینگ شوآنگ نے جواب دیا کہ ’’ہم فیصلہ کریں گے کہ آیا سفری چوکسی کا ا نتباہ جاری کیا جائے یا نہ کیا جائے‘‘۔ چین کے ایک سرکردہ سرکاری اخبار نے ہندوستان میں سرگرم چینی کمپنیوں کو خبردار کیا تھا کہ وہ چوکسی اختیار کریں اور مخالف چین جذبات کی زد میں آنے سے گریز کریں۔ چین کے انگریزی روزنامہ گلوبل ٹائمز نے اپنے ایک مضمون میں چینی کمپنیوں کو مشورہ دیا کہ موجودہ کشیدگی کے پیش نظر وہ ہندوستان میں اپنی سرمایہ کاری میں تخفیف کریں۔

سکم پر تعطل، ہندوستان پر عوام کو گمراہ کرنے چین کا الزام
بیجنگ ۔ 5 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) چین نے آج ہندوستان پر الزام عائد کیا کہ وہ یہ کہتے ہوئے عوام کو گمراہ کررہا ہیکہ چینی سپاہی سکم کے علاقہ چکٹانک کے قریب سڑک تعمیر کررہے ہیں جس سے شمال مشرقی ریاستوں کیلئے ہندوستان کی رسائی کو خطرہ لاحق ہوسکتا ہے۔ چینی وزارت خارجہ کے ترجمان گینگ شوآنگ نے اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ’’1890 کے چین ۔ برطانیہ سمجھوتہ کو ملحوظ رکھے بغیر ہندوستان یہ کہہ رہا ہیکہ ڈوکلام تین ملکوں کے تکونی جنکشن میں واقع ہے۔ یہ دراصل عوام کو گمراہ کرنے کے مترادف ہے‘‘۔ گینگ نے دعویٰ کیا کہ 1890 کے سمجھوتہ میں کہا گیا ہیکہ سکم سکشن کی سرحد مشرقی پہاڑ سے شروع ہوئی ہے اور (سڑک بنانے کا) واقعہ کوہ گیموچی سے 2000 میٹر دور رونما ہوا ہے۔