چینائی میں ریلوے پلیٹ فارم پر دو بم دھماکے

چینائی۔ یکم مئی (سیاست ڈاٹ کام) چینائی کے مصروف ترین سنٹرل ریلوے اسٹیشن آج دو بم دھماکوں سے دہل گیا جس میں ایک 24 سالہ خاتون آئی ٹی پروفیشنل ہلاک اور 14 دیگر زخمی ہوگئے۔ دو کم شدت کے بم دھماکے بنگلور۔ گوہاٹی ایکسپریس کے S-4 اور S-5 کوچیس میں یہ دھماکے 10 منٹ کے وقفے سے اس وقت ہوئے جب ٹرین صبح پلیٹ فارم پر رکی۔ اس کی وجہ سے مسافرین میں افراتفری پھیل گئی اور وہ خوف و ہراس کے عالم میں اِدھر اُدھر بھاگنے لگے۔ بم دھماکوں میں مہلوک خاتون کی سواتھی کی حیثیت سے کی گئی جو ٹاٹا کنسلٹنسی سرویسیس بنگلور میں ملازم تھی۔ وہ اپنے ایک دوست کے ساتھ آبائی ٹاؤن گنٹور (آندھراپردیش) واپس ہورہی تھی۔ پولیس نے پلیٹ فارم کے اطراف سکیورٹی انتظامات سخت کردیئے جہاں فارنسک ماہرین، بم ڈسپوزل اسکواڈس اور اسنیفر ڈاگس کو بھی لایا گیا ہے۔ حکومتِ ٹاملناڈو نے تحقیقات سی بی ۔ سی آئی ڈی کے سپرد کی ہے۔ ان دھماکوں کے پیش نظر ملک کے تمام ڈومسٹک اور انٹرنیشنل ایرپورٹس پر چوکسی بڑھا دی گئی ۔ تمام ایرپورٹس پر سکیورٹی یونٹس کو سخت ہدایات دی گئی ہیں۔ سی آئی ایس ایف ایرپورٹ سکیورٹی سربراہ او پی سنگھ نے یہ بات بتائی۔

ممبئی اور کیرالا میں سیکوریٹی میں اضافہ
ممبئی ؍ تھرواننتاپورم ۔ یکم ؍ مئی (سیاست ڈاٹ کام) ممبئی کے تمام اہم اور حساس مقامات پر سیکوریٹی میں اضافہ کردیا گیا ہے۔ چینائی میں ہوئے دوہرے ٹرین دھماکہ کے بعد شہر کی اہم عمارتوں جیسے منترالیہ، ایرانڈیا بلڈنگ، بی ایم سی ہیڈکوارٹرس، ٹائمز آف انڈیا بلڈنگ، وزیراعلیٰ کی سرکاری رہائش گاہ، گیٹ وے آف انڈیا وغیرہ۔ دریں اثناء پولیس کمشنر نے کہا کہ ریاست میں ابھی ابھی انتخابی عمل اختتام پذیر ہوا ہے اور ملک کی کچھ ریاستوں میں آخری مرحلہ کی رائے دہی اور اس کے بعد ووٹوں کی گنتی کا سلسلہ شروع ہوگا۔ ایسے موقع پر دھماکہ ہونا ضرور کسی بڑے واقعہ کا پیش خیمہ ہوسکتا ہے لہٰذا ہم کوئی موقع دینا نہیں چاہتے۔اس دوران ریاست کیرالا میں سیکوریٹی میں اضافہ کردیا گیا ہے۔ پولیس نے بتایا کہ ریاست کے ریلوے اسٹیشنوں اور بس اسٹیشنوں پر تلاشیاں لی جارہی ہیں۔ ریاستی وزیرداخلہ رمیش چینی تھالا نے عوام سے کہا ہیکہ انہیں خوفزدہ ہونے کی ضرورت نہیں ہے۔

بم دھماکوں کے ذمہ داروں کو کیفرکردار تک پہنچایا جائے : پرنب مکرجی
نئی دہلی ۔ یکم ؍ مئی (سیاست ڈاٹ کام) صدرجمہوریہ پرنب مکرجی نے چینائی سنٹرل اسٹیشن پر بم دھماکوں کو تشدد کی ناقابل فہم حرکت قرار دیا اور کہا کہ یہ کارروائی انجام دینے والوں کو کیفرکردار تک پہنچانے میں کوئی کسر باقی نہیں رکھی جانی چاہئے۔ گورنر ٹاملناڈو کے روشیا کو ایک پیام میں صدرجمہوریہ نے کہا کہ انہیں بم دھماکوں میں بے قصور انسانوں کی موت اور زخمی ہونے کی اطلاع پر کافی رنج و ملال ہوا۔ اس طرح کی بے مقصد پرتشدد کارروائیوں کی سختی سے مذمت کی جانی چاہئے۔ انہوں نے توقع ظاہر کی کہ ریاستی حکومت اور دیگر ایجنسیاں متاثرہ خاندانوں کو ممکنہ مدد بہم پہنچائیں گی۔