چینائی بم دھماکے تحقیقات میں پیشرفت

چینائی ۔ 3 ۔ مئی : ( سیاست ڈاٹ کام ) : چینائی بم دھماکوں کی تحقیقات کے سلسلہ میں آج نمایاں پیشرفت ہوئی اور پولیس ذرائع نے دعویٰ کیا کہ سی سی ٹی وی فوٹیج میں مشتبہ شخص کو بنگلور ریلوے اسٹیشن پر تیزی سے اترتے دیکھا گیا ۔ وہ چہرے پر دستی باندھے ہوئے تھا ۔ ماہرین نے بتایا کہ چینائی سنٹرل ریلوے اسٹیشن پلیٹ فارم پر بھاگتے ہوئے دیکھا گیا شخص بھی وہی تھا ۔ سی سی ٹی وی فوٹیج میں چینائی اسٹیشن پر اس شخص کو دھماکے سے عین قبل تیزی سے باہر جاتے ہوئے دیکھا گیا ۔ اس دوران سی بی ۔ سی آئی ڈی کے عہدیدار بنگلور میں حراست میں لیے گئے دو مشتبہ افراد سے پوچھ تاچھ کررہے ہیں ۔۔

مظفر نگر فسادات کیس میں
ایس آئی ٹی کی تحقیقات
مظفر نگر 3 مئی (سیاست ڈاٹ کام) خصوصی تحقیقاتی ٹیم نے مظفر نگر فسادات کیس کی تحقیقات کرتے ہوئے آج لسادا موضع میں ایک قتل کے سلسلہ میں متوفی جوڑے کے ارکان خاندان کا بیان قلمبند کیا۔ کل مقامی عدالت کے سامنے حاضر ہوتے ہوئے خاندان کے ارکان نے کہاکہ 65 سالہ نعیم الدین اور اُن کی پہلی بیوی علیمہ 60 سالہ کو ہلاک کرکے اِن کی نعشیں گھر میں ہی جلادی گئیں۔ 8 ڈسمبر 2013 ء کو لسادا موضع میں فسادیوں نے حملہ کیا تھا۔