اسلام آباد 7 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام) چین نے پاکستان کے ساتھ جس دفاعی معاہدہ پر دستخط کئے ہیں، اس کے مطابق بندرگاہی شہر کراچی میں آٹھ آبدوزوں کے منجملہ چار آبدوزوں کو چین تیار کرے گا۔ اس معاہدہ کا اعلان کرتے ہوئے وزیر برائے دفاعی ساز و سامان رانا تنویر حسین نے کہاکہ آبدوز کشتیوں کی تعمیر کا کام پاکستان اور چین میں بیک وقت شروع کیا جائے گا۔ انگریزی اخبار ڈان نے بھی وزیر موصوف کے بیان کا حوالہ دیتے ہوئے کہاکہ چین پاکستان کو آبدوز کشتیاں بنانے کی ٹیکنالوجی سے واقفیت کروائے گا۔ اپنی بات جاری رکھتے ہوئے انھوں نے کہاکہ معاہدہ کے اطلاق کے ساتھ ہی دونوں ممالک کے درمیان آبدوز سازی کی گنجائش میں اضافہ ہوگا۔ یہاں اس بات کا تذکرہ دلچسپ ہوگا کہ اگوسٹا ۔ 90B آبدوز کشتیاں جو پاکستانی بحری بیڑہ کا حصہ ہیں، اُن میں سے ایک آبدوز کو کراچی کے شپ یارڈ اینڈ انجینئرنگ ووکس 2008 ء میں جوڑا گیا تھا جبکہ دیگر دو آبدوز کشتیوں میں بھی بعض تکنیکی تبدیلیاں 2011 ء میں کی گئی تھیں۔ فی الحال پاکستان کے بحری بیڑہ میں جو تین اگوسٹا 90B آبدوز کشتیاں ہیں، وہ فرانسیسی ساختہ ہیں۔ وزیر موصوف نے البتہ یہ واضح نہیں کیاکہ آبدوز کشتیوں کی تعمیر کب شروع ہوگی تاہم اتنا ہی کہاکہ عنقریب اس کام کا آغاز کیا جائے گا اور اس کے لئے کراچی میں ایک تربیتی مرکز بھی کھولا جائے گا۔