چندرا بابو کی قیادت میں ریاست و پارٹی کی خدمت جاری رہیگی
حیدرآباد 22 جون (سیاست نیوز) فلمی اداکار سے سیاستداں بننے والے رکن اسمبلی تلگودیشم این بالا کرشنا نے ان کے چیف منسٹر بننے سے متعلق اطلاعات کو مسترد کردیا ۔ انہوں نے کہا کہ خواہ وہ تلگودیشم پارٹی ہو کہ حکومت ہو چندرا بابو نائیڈو بہتر انداز میں چلانے کی مہارت رکھتے ہیں اور انہیں دیر ینہ تجربہ ہے ۔ نائیڈو چیف منسٹر عہدے پر برقرار رہیں گے۔ بتایا جاتا ہیکہ نوٹ برائے ووٹ معاملہ کا جب انکشاف ہوا تب متعدد نوعیت کی اطلاعات عام ہوتی رہیں ۔ کہا جارہا تھا کہ نائیڈو عہدے سے مستعفی ہونگے ۔ نائیڈو کو استعفی دیناپڑے گا اور جب نائیڈو چیف منسٹر عہدے سے استعفی دے دیں گے تو چیف منسٹر کون بنے گا ۔ مختلف قیاس آرائیاں شروع ہوگئی تھیں ۔ ایک موقع پر چیف منسٹر عہدے کیلئے مسرس پی اشوک گجپتی راجو ‘ این بالا کرشنا وائی راما کرشنوڈو ‘این لوکیش نائیڈو کے ناموں کی پیش قیاسیاں اخبارات و ٹیلی ویژن چیانلوں کے ذریعہ کی جاتی رہی تھیں ۔ لہذا ان تمام حالات کو پیش نظر رکھتے ہوئے این بالا کرشنا نے کہا کہ چندرا بابو نائیڈو ہی عوام جب تک چاہیں چیف منسٹر رہیں گے اور نائیڈو کی قیادت میں ہم ریاست اور پارٹی کیلئے خدمات انجام دیں گے ۔