چیف منسٹر یوپی کو عوام کی برہمی کا سامنا ، حکومت کیخلاف نعرے

ضلع پرتاپ گڑھ کے موضع کندھائی میں یوگی ادتیہ ناتھ کی چوپال میٹنگ کے دوران دیہاتیوں کا احتجاج
چیف منسٹر کا دلت کے گھر میں ڈنر
آئندہ لوک سبھا انتخابات کیلئے خوشامد پالیسی

لکھنؤ۔ 24 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) چیف منسٹر اترپردیش یوگی ادتیہ ناتھ نے کل رات پرتاپ گڑھ کا دورہ کرتے ہوئے ہاں ایک چوپال میٹنگ منعقد کی اور ایک دلت کے گھر میں ڈنر کیا۔ 2019ء لوک سبھا انتخابات کی تیاری کے لئے انہوں نے دلتوں کی خوشنودی حاصل کرنے کی کوشش شروع کی ہے۔ چیف منسٹر نے کھانڈی پور، مادھاپور، موضع میں ایک پنچایت طلب کی جس کو ’’چوپال‘‘ کا نام دیا جاتا ہے۔ انہوں نے اس میٹنگ میں مقامی افراد کے مسائل کا صبر و تحمل کے ساتھ جائزہ لیا اور ان کی شکایات کی سماعت کی۔ انہوں نے کہا کہ مختلف سرکاری اسکیمات کے فوائد ہر ایک تک پہنچانے کی کوشش کی جارہی ہے۔ دیہی علاقوں میں رہنے والے مستحق افراد تک سرکاری اسکیمات پہونچائے جارہے ہیں۔ انہوں نے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ وہ عام آدمی کو درپیش مسائل کو دور کرنے کے لئے فوری اقدامات کریں۔ ان کی حکومت کسی بھی کوتاہی کو ہرگز برداشت نہیں کرے گی۔ اس میٹنگ کے بعد انہوں نے دلت دَیارام سروج کے گھر میں زمین پر بیٹھ کر دیگر مقامی افراد کے ساتھ ڈنر کیا۔ اس دوران ذرائع نے بتایا کہ چیف منسٹر یوپی کی اس چوپال میٹنگ میں مخالف حکومت نعرے لگائے گئے۔ ضلع پرتاپ گڑھ کے موضع کندگھائی میں جب وہ عوام کے مسائل کی سماعت کرنے کیلئے پہونچے تو عوام نے ان کی حکومت کے خلاف برہمی ظاہر کی۔ صورتحال اس وقت نازک ہوگئی جب ان کے سامنے دیہی عوام نے ان کی حکومت کو برا بھلا کہا اور چیف منسٹر کی حیثیت سے ان کی کارکردگی پر تنقیدیں کیں۔ اس احتجاج کے دوران چیف منسٹر نے عوام سے دریافت کیا کہ آیا ان کے گاؤں کے ہر گھر میں بیت الخلا تعمیر ہوئے ہیں؟ تو ایک ہی آواز میں تمام دیہاتیوں نے کہا ’’نہیں‘‘ اور حکومت کے بلند دعوؤں کے خلاف نعرے لگائے۔ اس پر چیف منسٹر یوگی ادتیہ ناتھ نے پردھان منتری آواس یوجنا کے تحت انجام دیئے گئے کاموں کے بارے میں معلومات حاصل کرنا چاہا اور یہ دریافت کیا کہ کیا انہیں مکان بنانے کے لئے امداد حاصل ہوئی ہے؟ اس سوال کے جواب میں بھی لوگوں نے برہمی ظاہر کی اور اس اسکیم سے کوئی فائدہ نہ ملنے کی شکایت کی۔ چیف منسٹر نے اپنی حکومت کے مختلف منصوبوں کے بارے میں سوال کیا تو عوام نے نفی میں جواب دیا۔ عوام کی ناراضگی کو دیکھ کر چیف منسٹر یوگی ادتیہ ناتھ نے وہاں موجود عہدیداروں کو ڈانٹا اور انہیں انتباہ دیا کہ اگر سرکاری اسکیمات سے ان عوام کو فائدہ نہیں پہونچایا گیا تو وہ لاپرواہی کو ہرگز برداشت نہیں کریں گے۔ انہوں نے نعرہ بازی کرنے والوں کو مطمئن کرانے کی کوشش کی۔