کرن کمار کے اقدام کو متنازعہ بنانا نامناسب: اے ویویکا نند ریڈی
حیدرآباد۔ یکم جنوری (سیاست نیوز) ضلع نیلور کے کانگریس رکن اسمبلی اے ویویکا نند ریڈی نے چیف منسٹر کرن کمار ریڈی کو ہیرو قرار دیتے ہوئے کہا کہ وزراء کے قلمدانوں کی تبدیلی کا چیف منسٹر کو مکمل اختیار ہے، تاہم چند لوگ اس کو متنازعہ بنا رہے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ ریاست کو متحد رکھنے کے معاملے میں چیف منسٹر کے اقدامات ناقابل فراموش ہیں، ریاستی عوام کی نظریں چیف منسٹر پر ٹکی ہوئی ہیں، کیونکہ وہ عوام کا دل جیت کر ہیرو بن گئے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ ریاستی عوام کی اکثریت تلنگانہ ریاست کی تشکیل کے خلاف ہے۔
چیف منسٹر پارٹی فیصلوں کی خلاف ورزی نہیں کر رہے ہیں، بلکہ پارٹی فیصلوں کا احترام کرتے ہوئے ریاست کے عوامی جذبات پیش کر رہے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ علاقہ تلنگانہ میں بھی متحدہ آندھرا کے حامیوں کی اکثریت ہے، لیکن ان کی آواز دبا دی گئی یا انھیں بلیک میل کیا جا رہا ہے۔ علاقہ تلنگانہ سے تعلق رکھنے والے ریاستی وزیر ڈی سریدھر بابو کے قلمدان کی تبدیلی پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ وزراء کو قلمدانوں کی ذمہ داری فراہم کرنا اور تبدیلی لانا چیف منسٹر کا اختیار تمیزی ہے، لہذا اس کو متنازعہ بنانا اور تلنگانہ مسئلہ جوڑنا نامناسب ہے۔ انھوں نے کہا کہ سریدھر بابو نے مفوضہ وزارت میں بہترین خدمت انجام دی ہے، لہذا اب انھیں دوسری ذمہ داری دی گئی ہے، تاکہ اس محکمہ کی کار کردگی بہتر ہوسکے۔ مختلف پارٹی قائدین کے پارٹی چھوڑنے یا چھوڑنے کی تیاری سے متعلق پوچھے گئے سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ پارٹی سمندر ہے، اگر کوئی کانگریس سے علحدہ ہوتا ہے تو اس کا شخصی نقصان ہوگا، جب کہ پارٹی کو کوئی نقصان ہونے والا نہیں ہے۔