چیف منسٹر کے عہدہ پر بالا کرشنا کی نظر !

حیدرآباد۔/16اپریل، ( سیاست نیوز) صدر تلگودیشم پارٹی مسٹر این چندرا بابو نائیڈو کے سمدھی و ممتاز تلگو فلم ایکٹر مسٹر این بالا کرشنا نے انکشاف کیا کہ پارٹی اور عوام اگر فیصلہ کریں گے تو وہ چیف منسٹر کے عہدہ پر فائز رہنے کیلئے تیار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ واضح طور پر آئندہ دنوں میں منعقد ہونے والے انتخابات میں تلگودیشم پارٹی بہر صورت بھاری اکثریت سے کامیابی حاصل کرے گی اور حکومت بھی ضرور تشکیل دے گی۔ مسٹر این بالاکرشنا جو کہ اپنے افراد خاندان کے ہمراہ ہندو پور ( ضلع اننت پور ) پہنچ کر اپنے حامیوں کے ساتھ ہندو پور حلقہ اسمبلی سے اپنا پرچہ نامزدگی داخل کیا، بعد ازاں مذکورہ حیران کن ریمارکس کئے اور کہا کہ تلگودیشم پارٹی کی شاندار کامیابی کے حصول کیلئے وہ ہرممکن کوشش کریں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ کسی کو بھی خصوصی طور پر تلک لگاکر مدعو نہیں کیا جائے گا۔