فارم ہاؤز کا بار بار دورہ نہ کرنے کا مشورہ، پرگتی بھون میں زائد گارڈ متعین
حیدرآباد /7 فروری ( سیاست نیوز ) چیف منسٹر تلنگانہ کے سی آر کی سیکوریٹی میں اضافہ کردیا گیا ہے ۔ قافلے میں مزید تین بلڈ پروف گاڑیاں شامل کردی گئی ہیں۔ پرگتی بھون اور فارم ہاوز میں سیکوریٹی بڑھادی گئی اور بار بار فارم ہاوز کا دورہ نہ کرنے کا چیف منسٹر کو مشورہ دیا گیا ہے ۔ چیف منسٹر کی سرکاری قیام گاہ پرگتی بھون کو پہلے سے بھرپور سیکوریٹی فراہم کی گئی ہے ۔ باتھ رومس کھڑکیوں کو بھی بلڈ پروف بنانے پر چیف منسٹر کے سی آر قومی سطح پر موضوع بحث بن گئے تھے ۔ اب ان کی سیکوریٹی میں مزید اضافہ کردیا گیا ۔ حال ہی میں آندھراپردیش ، اڑیسہ سرحد اور ورنگل و کھمم میں نکسلائیٹس حملوں کے بعد انٹلی جنس کے اشارے پر چیف منسٹر تلنگانہ کی شخصی سیکوریٹی میں زبردست اضافہ کردیا گیا ہے ۔ کے سی آر کو زیڈ پلس کی سیکوریٹی مہیا کی جارہی ہے ۔ جس میں مزید اضافہ کردیا گیا ہے ۔ چیف منسٹر کے قافلے میں 6 بلٹ پروف گاڑیاں اور ایک ایمبولنس شامل ہیں ۔ جس میں مزید 3 بلڈ پروف گاڑیوں کا اضافہ کردیا گیا ۔ چیف منسٹر کی سرکاری قیام گاہ پرگتی بھون میں 10 گارڈس متعین کئے گئے ۔ ابھی تک چیف منسٹر کے اطراف زیڈ پلس سیکوریٹی دستہ میں دو ڈی ایس پی رینک کے عہدیدار چیف سکریٹری آفیسرس کی طرح خدمات انجام دے رہے تھے ۔ اس کے علاوہ مزید 3+3 پرنسل سکیوریٹی آفیسر کو بھی نئی ذمہ داری سونپی گئی ہے ۔ این ایس جی کے 36 کمانڈر کے ساتھ ریاست انٹلی جنس ونگ کی ہر شفٹ سے 12 پولیس ملازمین کی خدمات فراہم کی گئی تھی ۔ جس میں مزید اضافہ کرتے ہوئے شفت میں 16 پولیس ملازمین کی خدمات فراہم کی جارہی ہیں ۔ ایراولی میں جہاں چیف مسنٹر کا فارم ہاوز ہے ۔ وہاں کی سیکوریٹی میں بھی اضافہ کردیا گیا ۔ ماضی میں 2 گارڈس کو فارم ہاوز پر تعینات کیا جاتا تھا ۔ جن کی تعداد بڑھاکر 6 کردی گئی ہے ۔ اس کے علاوہ فارم ہاوز کیلئے ایک خصوصی جامر گاڑی بھی خریدی گئی ہے ۔ ساتھ ہی چیف منسٹر کے سی آر کو اچانک فارم ہاوز کا دورہ نہ کرنے کا مشورہ دیا گیا ہے ۔ اگر دورہ کیا جارہا ہے تو پہلے پولیس کو اس کی اطلاع دینے کی خواہش کی گئی ہے ۔