چیف منسٹر کے سی آر اپنے کئی وزراء کی کارکردگی سے غیر مطمئن

عوام میں حکومت کی مخالفت کا احساس، کابینی رفقاء اور عہدیداروں میں رابطہ کا فقدان بھی اہم مسئلہ
حیدرآباد 14 اپریل (سیاست نیوز) چیف منسٹر تلنگانہ مسٹر کے چندرشیکھر راؤ ایسا محسوس ہوتا ہے کہ اپنے کابینی رفقاء کی کارکردگی سے مطمئن نہیں ہیں۔ جبکہ تلنگانہ حکومت کی تشکیل ہوئے زائداز 10 ماہ گزر چکے ہیں لیکن وزراء کی اکثریت اپنے محکمہ جات اور متعلقہ عہدیداروں پر کوئی گرفت حاصل نہیں کرسکے۔ جس کی وجہ سے محکمہ جات کی کارکردگی کا جائزہ خود چیف منسٹر مسٹر کے چندرشیکھر راؤ کو لینے کیلئے مجبور ہونا پڑرہا ہے۔ حکومت کے فیصلوں و پروگراموں سے اپنے محکمہ جات کے ذریعہ عوام تک پہونچانے اور واقف کروانے کے علاوہ عہدیداروں کے مابین تال میل پیدا کرنے میں بھی وزراء کے ناکام ہونے پر بھی چیف منسٹر ناخوشی و ناراضگی کا اظہار کررہے ہیں اور یہ بات کہنے پر کے سی آر مجبور ہیں کہ محکمہ جات متعلقہ کی جب کا تب کارکردگی کا وزراء جائزہ نہیں لے رہے ہیں۔ چیف منسٹر کے قریبی ذرائع نے یہ بات بتائی اور کہاکہ چیف منسٹر کا یہ احساس ہے کہ وزراء دور دراز علاقوں کا دورہ کرنے سے گریز کررہے ہیں اور وہ اپنی ذمہ داری کو نہیں سمجھ پارہے ہیں جس کی وجہ سے عوام میں حکومت کے تعلق سے مخالفت کا اظہار پایا جارہا ہے۔ علاوہ ازیں محکمہ پولیس کا انٹلی جنس شعبہ وزراء کی کارکردگی پر ہی نہیں بلکہ وزراء کی سرگرمیوں پر گہری نظر رکھے ہوئے ہے۔ جب کا تب اپنے اعلیٰ عہدیداروں کو معلومات فراہم کرنے کی روشنی میں اعلیٰ عہدیداران شعبہ انٹلی جنس چیف منسٹر کے چندرشیکھر راؤ کو نہ صرف تحریری رپورٹ پیش کررہے ہیں بلکہ تمام معلومات فراہم کررہے ہیں۔ باوثوق ذرائع کے مطابق بتایا جاتا ہے کہ انھیں موصولہ مختلف رپورٹس کی بنیاد پر ہی گزشتہ ہفتہ منعقدہ کابینہ کے اجلاس میں وزراء کو کے سی آر نے سخت انتباہ بھی دیا ہے۔ تلنگانہ قانون ساز کونسل کے حلقہ گرائجویٹ کیلئے حالیہ منعقدہ انتخابات میں پارٹی امیدوار کی شکست کا بھی سخت نوٹ لیا گیا۔ ریاستی کابینہ میں سینئر وزراء کہلائے جانے والے بعض وزراء کی کارکردگی پر بھی چیف منسٹر نے کافی مایوسی کا اظہار کیا۔ اسی ذرائع کے مطابق انتخابات میں عوام سے کئے ہوئے وعدوں کو پورا کرنے اور اقتدار حاصل ہونے کے بعد حکومت کی جانب سے اعلان کردہ اسکیمات و پروگرامس بہتر انداز میں عوام تک پہونچ نہ پانے کی حقیقت کو چیف منسٹر تسلیم کرنے میں موقف میں دکھائی نہیں دے رہے ہیں اور حقائق کو بھی کے سی آر ہضم نہیں کرپارہے ہیں۔ چیف منسٹر کے قریبی ذرائع کا کہنا ہے کہ بنگارو تلنگانہ کو یقینی بنانے کے مقصد سے حکومت کی بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کرنے کیلئے ضرورت پڑنے پر کابینہ میں بھی ردوبدل کو چیف منسٹر مسٹر چندرشیکھر راؤ نے متعدد مرتبہ ناگزیر قرار دیتے ہوئے اپنے قریبی رفقاء کے روبرو ریمارکس کررہے ہیں۔