چیف منسٹر کے سی آر کی گورنر نرسمہن سے ملاقات

حیدرآباد۔/2جولائی، ( سیاست نیوز) چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے آج راج بھون پہنچ کر گورنر ای ایس ایل نرسمہن سے ملاقات کی۔ اس ملاقات میں ہائی کورٹ کی تقسیم اور ججس کے تقررات کے مسئلہ پر بات چیت ہوئی۔ بتایا جاتا ہے کہ چیف منسٹر نے گورنر کو ہائی کورٹ کی تقسیم میں تاخیر کے مسئلہ پر وکلاء اور ججس کی جانب سے جاری احتجاج سے واقف کرایا اور بتایا کہ تلنگانہ میں عدالتوں میں کام ٹھپ ہوچکا ہے۔ مرکزی حکومت کی جانب سے تلنگانہ کیلئے علحدہ ہائی کورٹ کی تشکیل میں تاخیر کے سبب یہ صورتحال پیدا ہوئی ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ چیف منسٹر نے گورنر ای ایس ایل نرسمہن سے خواہش کی کہ وہ ہائی کورٹ کی عاجلانہ تقسیم کے سلسلہ میں مرکز سے موثر نمائندگی کریں اور اپنے اثر و رسوخ کا استعمال کریں تاکہ تعطل کی یہ صورتحال ختم ہو۔ ای ایس ایل نرسمہن جو تلنگانہ کے علاوہ آندھرا پردیش کے بھی گورنر ہیں ان سے خواہش کی گئی ہے کہ وہ اس مسئلہ پر آندھرا پردیش حکومت سے بھی بات چیت کریں۔