ٹریفک کے بھاری جرمانے ختم کرنے کا مطالبہ
حیدرآباد ۔ 3 ۔ جون : ( راست ) : سنگی ریڈی سرینواس ریڈی فلور لیڈر تلگو دیشم سعید آباد ڈیویژن گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن نے چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ کو ریاست تلنگانہ کے قیام پر مبارکباد دی اور کہا کہ تلنگانہ کے پہلے چیف منسٹر ہونے کا اعزاز تلنگانہ کی تاریخ میں روشن رہے گا ۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے علحدہ ریاست تلنگانہ کے حصول میں کامیابی حاصل کی ہے اب علاقہ کے عوام کے ساتھ ہونے والی زیادتیوں کو یکلخت ختم کردیا جانا چاہئے ۔ سرینواس ریڈی نے اپنے بیان میں نئے چیف منسٹر سے مطالبہ کیا کہ وہ شہر میں موٹر سیکل رانوں پر ٹریفک جرمانوں کی بھاری رقم کو ختم کردینے کے اقدام کریں ۔ ٹریفک خلاف ورزی پر اس وقت 1000 روپئے جرمانہ کیا جارہا ہے ۔ انہوں نے جرمانہ کی رقم کو 200 روپئے کردینے کا مطالبہ کیا ۔ جب شہر کی سڑکیں خراب ، اسٹریٹ لائٹس ناکارہ ، ہوں تو موٹر رانوں پر بھاری جرمانے کرکے زیادتی کرنا انصاف کے مغائر ہے ۔ انہوں نے معمر بیواؤں اور معذورین کے وظیفہ کو فی ماہ 200 روپئے سے بڑھا کر 1000 روپئے اور 1500 روپئے کرنے کا مطالبہ کیا ۔۔