عالیشان نئے کیمپ آفس کی تعمیر پر تنقید ، پروفیسر کودنڈا رام
حیدرآباد ۔ 28 ۔ نومبر : ( سیاست نیوز ) : چیرمین تلنگانہ جوائنٹ ایکشن کمیٹی پروفیسر کودنڈا رام نے چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ کی نئی رہائش گاہ کو اپنی شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ موجودہ چیف منسٹر کیمپ آفس تمام تر سہولتوں سے آراستہ ہونے کے باوجود نئے رہائش کی تعمیر عوامی پیسے کی بربادی ہے ۔ آج یہاں جے اے سی دفتر میں منعقدہ ایک پریس کانفرنس میں انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر نے جس عصری ٹکنالوجی کا استعمال کرتے ہوئے خاموشی کے ساتھ اندرون ایک سال عالیشان عمارت تعمیر کی ہے اگر اسی ٹکنالوجی کا استعمال کرتے ہوئے ریاست بھر میں زیر التواء ڈبل بیڈ روم مکانات کی تعمیر عمل میں لاتے تو بہتر ہوتا ۔ کودنڈا رام نے پوری ریاست میں عوام آبپاشی پراجکٹس ، ترقیاتی منصوبوں اور انڈسٹریز کے قیام کی وجہ سے بے گھر ہوگئی ہے ۔ جنہیں متبادل اراضی فراہم کرنے کا حکومت کی جانب سے وعدہ کیا جاتا رہا مگر ڈھائی سال کا عرصہ گذرنے کے بعد بھی حکومت اپنے وعدوں پر عمل آوری کرنے میں ناکام رہی جب کہ کروڑہا روپئے کی لاگت سے عالیشان عمارتیں ایک سال کے اندر تعمیر کی جارہی ہیں ۔ کودنڈا رام نے کہا کہ ریاست کے تمام بے گھر افراد کو لے کر تلنگانہ جوائنٹ ایکشن کمیٹی 30 نومبر کو سندریا وگیان کیندرم میں ریاستی سطح کی کانفرنس منعقد کرے گی ۔ جس میں بے گھر افراد کی آب بیتی سنی جائے گی ۔ انہوں نے مزید کہا کہ ایکشن کمیٹی تلنگانہ میں جہاں پر آبپاشی پراجکٹس زیر تعمیر اور انڈسٹریز قائم کرنے کی تیاری کی جارہی ہیں ان اضلاع کا دورہ کر کے متاثرہ مقامی عوام سے ملاقات کر کے رپورٹ تیار کی ۔ کمیٹی کے پرہلاد کی نگرانی میں ایک کمیٹی بھی تیار کی گئی ہے جو اس سنگین معاملے پر نظر رکھنے کے علاوہ اور متاثر عوام سے مسلسل رابطے میں ہے ۔ کودنڈا رام نے کہا کہ مجوزہ کانفرنس میں متاثرین کی پریشانیوں کو عوام کے درمیان میں لایا جائے گا اور اس پر ایک رپورٹ تیار کی جائے گی پھر عوام کو ڈبل بیڈ روم گھروں کی عاجلانہ تعمیر کے لیے احتجاجی حکمت عملی تیار کی جائے گی ۔ ملنا ساگر ، کالیشوارم پراجکٹ کے بشمول انجینئرنگ اور انڈسٹریل منصوبوں کے نام پر بے گھر متاثرین کی کثیر تعداد کانفرنس میں شرکت کرے گی ۔ اگر حکومت چیف منسٹر کے عالیشان عمارت کی تعمیر میں استعمال ہونے والی تکنیک کو زیر التواء ڈبل بیڈ روم گھروں کی تعمیر کے لیے استعمال کرتی ہے تو ریاست میں کوئی بھی غریب بے گھر نہیں رہے گا ۔ پی رویندرا ، پرہلاد اور تلنگانہ جوائنٹ ایکشن کمیٹی کے دیگر بھی اس موقع پر موجود تھے ۔۔