ٹی آر ایس اقلیتی قائدین کی میلاردیوپلی تا چارمینار ریالی ، عبدالمقیت چنداو دیگر کا خطاب
شمس آباد ۔ /29 نومبر (سیاست نیوز) کے چندر شیکھر راؤ نے آج سے چھ سال قبل علحدہ تلنگانہ تحریک کیلئے 11 روزہ مرن برتھ رکھا تھا جس کے ذریعہ ہی تلنگانہ ریاست قائم ہوئی ۔ اس موقع پر ہر سال کی طرح اس سال بھی ٹی آر ایس اقلیتی قائدین عبدالمقیت چنا ٹی آرایس میناریٹی سیل اسٹیٹ جنرل سکریٹری کی قیادت میں 11 روزہ پروگرام منعقد کیا جو کہ میلاردیوپلی سے 200 سے زائد بائیکوں کی ریالی وٹے پلی، انجن باؤلی ، علی آباد ، شاہ علی بنڈہ سے گزرتے ہوئے چارمینار کو آکر اختتام پر پہنچی ۔ چارمینار دواخانہ میں مریضوں میں میوے تقسیم کئے گئے ۔ اس موقع پر ہنومنت راؤ گریٹر حیدرآباد ٹی آر ایس صدر نے نامہ نگاروں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ شہر حیدرآباد میں پہلی مرتبہ اتنی بڑی بائیک ریالی نکالی گئی جہاںصرف گلابی جھنڈے ہی دکھائی دے رہے تھے ۔ ریاست تلنگانہ کیلئے کے سی آر نے مرن برت رکھ کر حکومت پر زور ڈالا تھا جس کی بدولت ریاست تلنگانہ قائم ہوئی ۔ انہوں نے کہا کہ گریٹر حیدرآباد کے انتخابات میں ٹی آر ایس تقریباً 40 سیٹوں پر کامیابی حاصل کرے گی ۔ ٹی آر ایس میناریٹی سیل اسٹیٹ جنرل سکریٹری نے کہا کہ ہندوستان کی آزادی کیلئے مہاتما گاندھی نے تحریک چلاتے ہوئے ہمیں انگریزوں کی غلامی سے آزادی دلائی اور ریاست تلنگانہ کو علحدہ تلنگانہ کے لئے کے چندرا شیکھر راؤ نے بھی گاندھی جی کی طرح تحریک چلاتے ہوئے علحدہ ریاست حاصل کیا ۔ انہوں نے 11 روزہ بھوک ہڑتال کے ذریعہ ملک کے تمام سیاسی قائدین اور عوام کو متاثر کرکے علحدہ ریاست حاصل کی ۔ ریاست حاصل کرنے کے بعد اقتدار بھی حاصل کیا اور اقتدار پر آتے ہی اقلیتوں کیلئے 1135 کروڑ کا بجٹ منظور کردیا ۔ شادی مبارک اسکیم کے تحت غریب لڑکیوں کی شادی کیلئے 51 ہزار روپئے ، اقلیتوں کیلئے مزیداسکیمات لونس ، آٹو اسکیم ، رمضان میں مساجد میں افطار پارٹیاں وغیرہ رکھتے ہوئے ہر شخص کو متاثر کیا ۔ چیف منسٹر نے بغیر کسی کی نمائندگی کے ہی مسلمانوں کو 12 فیصد تحفظات دینے کا اعلان کیا اور وہ اسے پورا کرنے سنجیدہ ہے اور امید ہے کہ بہت جلد مسلمانوں کو 12 فیصد تحفظات فراہم ہوجائیں گے ۔ کے سی آر کی اسکیمات کو دیکھتے ہوئے دیگر ریاستوں میں بھی کئی اسکیمات کو متعارف کیا جارہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ گریٹر حیدرآباد انتخابات میں بھی ٹی آر ایس کامیابی حاصل کرے گی ۔ بائیک ریالی کے سی آر زندہ باد اور جئے تلنگانہ کے نعروں سے پرانا شہر گونج اٹھا اس موقع پر بھیم ارجن ریڈی راجندر نگر انچارج ، ایس کے قیصر بہادر پورہ انچارج، اعظم علی ملک پیٹ انچارج ،مکرم خان ، مرزا عبید علی ، احمد پٹیل ، زاہد احمد خان ، سید بابر ، شاہنواز ، عقیل احمد ، سید ایوب ، سرفراز، سید یوسف ، لائق علی ، ایس وینکٹیش کے علاوہ عوام کی کثیر تعداد موجود تھی ۔