چیف منسٹر کے سی آر محبوب نگر آبپاشی پراجکٹس کی تکمیل کے خواہاں

اپوزیشن پر رکاوٹ کا الزام، جی بالراجو ٹی آر ایس ایم ایل اے کا بیان
حیدرآباد۔/2جولائی، ( سیاست نیوز) ٹی آر ایس کے رکن اسمبلی جی بالراجو نے آبپاشی پراجکٹس کے خلاف اپوزیشن کی الزام تراشیوں کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا۔ میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے بالراجو نے کہا کہ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ محبوب نگر ضلع کے تمام آبپاشی پراجکٹس کی بہر صورت تکمیل کے خواہاں ہیں اور مقررہ مدت میں پراجکٹس کی تعمیر کا کام مکمل ہوجائے گا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت محبوب نگر میں خشک سالی کے مسئلہ سے نمٹنے کیلئے پراجکٹس کی تعمیر پر خصوصی توجہ دے رہی ہے۔ کوئل ساگر، بھیما، نٹیم پاڈو اور کلواکرتی لفٹ اریگیشن پراجکٹس کی تکمیل کا منصوبہ ہے اور اس کے لئے حکومت نے بجٹ بھی مختص کیا ہے۔ انہوں نے اپوزیشن پر پراجکٹس کی تعمیر میں رکاوٹ کا الزام عائد کرتے ہوئے انہیں متنبہ کیا کہ اپوزیشن کو عوامی برہمی کا سامنا کرنا پڑیگا۔ بالراجو نے کہا کہ عوام اچھی طرح جانتے ہیں کہ چندر شیکھر راؤ حکومت کسانوں اور عوام کی فلاح و بہبود کیلئے وقف ہوچکی ہے اور حکومت کے خلاف بے بنیاد الزامات سے پراجکٹس کی تعمیر میں کوئی فرق نہیں پڑیگا۔ انہوں نے کہا کہ چندر شیکھر راؤ وہ واحد چیف منسٹر ہیں جو عوام سے کئے گئے وعدوں کی تکمیل میں سنجیدہ ہیں۔ اپوزیشن کے علاوہ کوئی بھی طاقت تلنگانہ کے پراجکٹس کی راہ میں رکاوٹ نہیں بن سکتی۔ انہوں نے کہا کہ پراجکٹس کی تعمیر کیلئے جو اراضی حاصل کی جارہی ہے اس کے لئے کسانوں کو معقول معاوضہ کا انتظام کیا گیا اور اس سلسلہ میں اپوزیشن کا پروپگنڈہ بے بنیاد ہے۔انہوں نے محبوب نگر ضلع سے تعلق رکھنے والے کانگریس اور تلگودیشم قائدین کی جانب سے مختلف احتجاجی پروگرام منظم کرنے کو مضحکہ خیز قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ ڈی کے ارونا اور ریونت ریڈی عوامی تائید سے محروم ہوچکے ہیں اگر ان کے رویہ میں تبدیلی نہیں آئے گی تو آئندہ انتخابات میں رائے دہندے انہیں سبق سکھائیں گے۔