ڈرامہ ہمارا کسان تلنگانہ کی شان کی ستائش ، فاروق حسین کی تقریر
حیدرآباد ۔ 31 ۔ جنوری : ( راست ) : ٹی آر ایس قائد جناب فاروق حسین نے کہا کہ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نہ صرف اپنے انتخابی وعدوں کو پورا کررہے ہیں بلکہ غریبوں اور اقلیتوں کے لیے نئی فلاحی اسکیمیں شروع کی جارہی ہیں ۔ ان اسکیموں کی عمل آوری میں ہوسکتا ہے کچھ خامی ہو جیسے دور کرنے کی کوشش کی جارہی ہے ۔ اس بناء پر حکومت کی نیک نیتی پر شبہ نہیں کیا جاسکتا ۔ جناب فاروق حسین تلگو یونیورسٹی آڈیٹوریم میں پرفارمنگ آرٹس اکیڈیمی کی جانب سے منعقدہ سمینار ڈرامے اور مشاعرے کے پروگرام میں صدارتی تقریر کررہے تھے ۔ انہوں نے ڈرامہ ’ ہمارا کسان تلنگانہ کی شان ‘ کی تعریف کی اور آرٹسٹوں کے کام کی تعریف کی جن میں ڈاکٹر جاوید کمال ، سویتا سونی ، لطیف الدین لطیف ، دستگیر نواز ، مہ جبین ، عاشی ، ثنا اور تبسم شامل ہیں ۔ ڈرامے کی تحریر ہادی رحیل اور ہدایت مختار قادری کی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کو ایسے ڈراموں ، خاکوں اور اسٹیج پروگراموں کی مدد کرنی چاہئے جو فلاحی اسکیموں کی تشہیر کرتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر ایک سیکولر اور عوام دوست قائد ہیں ۔ صدر اکیڈیمی مختار قادری نے خیر مقدمی تقریر کی جب کہ فرح قادری نے مہمانوں کا استقبال کیا ۔ جناب محمد کاظم علی خاں صدر امبیڈکر نیشنل کانگریس نے مہمان خصوصی کی حیثیت سے تقریر کرتے ہوئے کہا کہ اگر ی آر ایس حکومت فلاحی اسکیموں پر خلوص نیت کے ساتھ عمل کرتی ہے تو حکومت کے تعلق سے عوام کی بدگمانی دور ہوسکتی ہے ۔ پروگرام صحافیوں کی موجودگی کو پیش نظر رکھتے ہوئے انہوں نے کمشنر انفارمیشن سے مطالبہ کیا کہ چھوٹے اخبارات کو اشتہارات دینے کی پالیسی پر نظر ثانی کی جائے ۔ اس بات کی جناب فاروق حسین نے بھی تائید کی ۔ ٹی آر ایس کے جنرل سکریٹری جناب عنایت علی باقری نے کہا کہ کے سی آر حکومت نے جن فلاحی اسکیموں کو شروع کیا ان کی ماضی میں مثال نہیں ملتی ۔ ڈاکٹر اخلاق شرفی نے قرات کلام پاک اور نعت شریف سے مشاعرہ کا آغاز کیا ۔ جس کی نظامت سردار اثر نے انجام دی ۔ وقت کی کمی کی وجہ سے مشاعرہ مکمل نہ ہوسکا ۔ ڈاکٹر اخلاق شرفی کے علاوہ جناب محمد عبدالسلام ، جناب عالم مہدی اور جناب احمد صدیقی مکیش کو ان کی علمی اور صحافتی خدمات پر تہنیت پیش کی گئی ۔۔