چیف منسٹر کے سی آر دورہ دہلی سے واپس

حیدرآباد 28 ڈسمبر ( این ایس ایس ) چیف منسٹر کے چندر شیکھر راو آج اپنے دورہ دہلی سے حیدرآباد واپس ہوگئے ۔ وہ ایک خصوصی پرواز کے ذریعہ بیگم پیٹ ائرپورٹ پہونچے اور وہاں پارٹی قائدین اور وکلا نے ان کا خیر مقدم کیا ۔ ٹی آر ایس صدر نے قومی سطح پر غیر کانگریسی و غیر بی جے پی جماعتوں کے وفاقی محاذ کے قیام کیلئے یہ دورہ کیا تھا ۔ وہ اس دورہ کی تکمیل کے بعد آج ریاست کو واپس پہونچے ۔ سینئر ٹی آر ایس قائدین جو کابینہ میں شمولیت کے خواہاں ہیں ان کے اس دورہ سے بے چین تھے اور وہ منتظر ہیں کہ جلد ریاستی کابینہ میں توسیع کی جائے ۔ 26 ڈسمبر کو چیف منسٹر نے دہلی میں وزیر اعظم نریندر مودی سے ملاقات کی تھی اور ریاست کے مسائل پر تبادلہ خیال کیا تھا ۔ انہوں نے ریاستی پراجیکٹس اور ترقیاتی کاموں کیلئے مودی سے مدد طلب کی تھی ۔ کے سی آر قومی سطح پر وفاقی محاذ بنانے کیلئے مختلف قائدین سے ملاقاتیں کر رہے ہیں اور اسی لئے انہوں نے اوڈیشہ اور بنگال کا دورہ بھی کیا تھا ۔