وسط مدتی انتخابات پر کانگریس کی کامیابی یقینی ، قائد اپوزیشن کے جانا ریڈی
حیدرآباد ۔ 29 ۔ جون : ( سیاست نیوز) : قائد اپوزیشن کے جانا ریڈی نے چیف منسٹر کے دورے گدوال کے موقع پر کانگریس کے رکن اسمبلی سمپت کمار کو پولیس کی جانب سے گھر میں نظر بند کرنے کی سخت مذمت کی ۔ وسط مدتی انتخابات منعقد ہوتے ہیں تو کانگریس کی حکومت کو یقینی قرار دیا ۔ صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی اتم کمار ریڈی کی کارکردگی کو اطمینان بخش قرار دیا ۔ آج اسمبلی کے میڈیا ہال میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کے جانا ریڈی نے کہا کہ چیف منسٹر کے سی آر کو جمہوریت پر یقین نہیں ہے ۔ وہ جہاں کا بھی دورہ کرتے ہیں وہاں کی عام زندگی مفلوج ہوجاتی ہے ۔ ان کا پروگرام ختم ہونے تک تمام تجارتی سرگرمیوں کو بند کردیا جاتا ہے ۔ کافی جدوجہد کے بعد سونیا گاندھی نے علحدہ تلنگانہ ریاست تشکیل دیا ہے ۔ اقتدار حاصل کرنے والی ٹی آر ایس نے 4 سال کے دوران تلنگانہ میں جمہوریت کا گلا گھونٹ دیا ہے ۔ آج چیف منسٹر تلنگانہ گدوال کا دورہ کررہے ہیں ۔ پولیس نے کانگریس کے دلت رکن اسمبلی سمپت کمار کو گھر پر نظر بند کردیا ہے ۔ جمہوری ریاست کو پولیس راج میں تبدیل کرنے کی سخت مذمت کی ۔ وسط مدتی انتخابات کے بارے میں پوچھے گئے سوال کا جواب دیتے ہوئے جانا ریڈی نے کہا کہ وہ یہ نہیں بتاسکتے کہ کانگریس کتنے اسمبلی حلقوں پر کامیابی حاصل کرے گی ۔ مگر اتنا ضرور بتاسکتے ہیں کہ اگر انتخابات منعقد ہوتے ہیں تو کانگریس حکومت تشکیل دے گی ۔ قائد اپوزیشن نے کہا کہ کانگریس پارٹی انتخابات کا سامنا کرنے کے لیے پوری طرح تیار ہے اور پارٹی کیڈر کے بھی حوصلے بلند ہیں ۔ ٹی آر ایس کے چاروں خانے چیت ہوجائیں گے ۔ ٹی آر ایس کے رکن راجیہ سبھا ڈی سرینواس کی کانگریس میں دوبارہ شمولیت کے افواہوں پر پوچھے گئے سوال کا جواب دیتے ہوئے جانا ریڈی نے کہا کہ وہ اس معاملے میں لا علم ہیں اور پارٹی ہائی کمان نے بھی انہیں کوئی اطلاع نہیں دی ۔ ڈی ناگیندر کی جانب سے کانگریس میں بی سی قائدین سے نا انصافی ہونے کے الزامات کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ کانگریس واحد پارٹی ہے جو سماج کے تمام طبقات کے ساتھ انصاف کرتی ہے ۔ اتم کمار ریڈی کو پارٹی صدارت سے علحدہ کرنے کی سرگرمیوں پر پوچھے گئے سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ وہ نہیں سمجھتے کہ کانگریس ہائی کمان انتخابات سے عین قبل ایسی کوئی کارروائی کرے گی کیوں کہ بحیثیت صدر تلنگانہ کانگریس کمیٹی اتم کمار ریڈی کی کارکردگی اطمینان بخش ہے ۔ راشن شاپس ڈیلرس کو برخاست کرنے کی نوٹس جاری کرنے کی جانا ریڈی نے سخت مذمت کرتے ہوئے کہا کہ عوام بہت جلد ٹی آر ایس کو اقتدار سے بیدخل کردیں گے ۔۔