بلٹ پروف بس میں بیڈروم ، ریسٹ روم ، مختصر میٹنگ ہال اور انٹرنیٹ کی بھی سہولیات
حیدرآباد ۔ 3 ۔ جولائی : ( سیاست نیوز ) : حکومت تلنگانہ نے ایک بلٹ پروف مرسیڈیز بینز بس خریدی ہے جس کی مالیت 5 کروڑ روپئے ہے ۔ یہ بس چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ کے دوروں کے لیے استعمال کی جائے گی ۔ یہ بس آج صبح چندی گڑھ سے حیدرآباد لائی گئی ۔ اس کی دیکھ بھال آر ٹی سی کے ذمہ رہے گی ۔ امکان ہے کہ چندر شیکھر راؤ اتوار کو پہلی مرتبہ اس بس کا استعمال کریں گے ۔ جب وہ بڑے پیمانے پر شجرکاری مہم کے لیے دورہ کا آغاز کریں گے ۔ آج بس کی آمد کے بعد اس کی پوجا وغیرہ کی گئی ۔ اس بس میں انتہائی عصری ٹکنالوجی استعمال کی گئی ہے اور یہ کسی بھی حملے کو برداشت کرسکتی ہے ۔ بس میں ایک بیڈ روم ، ریسٹ روم ، ایک مختصر میٹنگ ہال ، انٹرنیٹ اور بس کی چھت پر جانے کے لیے سیڑھیاں بھی موجود ہیں ۔ چندر شیکھر راؤ اب تک ریاست میں اپنے دوروں کے لیے ہیلی کاپٹرس کا استعمال کررہے تھے ۔ ایک عہدیدار نے بتایا کہ بس کی خریدی اس لیے بھی کی گئی تھی کہ چیف منسٹر بس کو دفتر کے طور پر استعمال کرسکیں ۔ جب وہ دوروں پر ہوں ۔ بس میں ایک سفری تاہم آرام دہ بیڈروم ہے اور اس کا فرش از سر نو بچھایا گیا ہے تاکہ اسے بلٹ پروف بنایا جاسکے ۔ ابتداء میں بس کو چیف منسٹر ہریتا ہارم پروگرام کے دوروں کے لیے استعمال کریں گے ۔۔