چیف منسٹر کے دفتر میں 4 عہدیداروں کو مختلف امور کی ذمہ داری

حیدرآباد۔7۔ اکتوبر (سیاست نیوز) چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ کے دفتر میں چار عہدیداروں کو مختلف محکمہ جات کے امور کی ذمہ داری دی گئی ہے۔ چیف سکریٹری ڈاکٹر راجیو شرما کے احکامات کے مطابق چیف منسٹر کے آفس میں پرنسپل سکریٹری برائے چیف منسٹر ایس نرسنگ راؤ آئی اے ایس کو 12 امور کی ذمہ داری دی گئی ہے۔ جی اے ڈی بشمول لاء اینڈ آرڈر، اطلاعات و تعلقات عامہ، داخلہ، فینانس ، پلاننگ ، انفارمیشن ٹکنالوجی، برقی ، بلدی نظم و نسق ، ریونیو ، انڈسٹریز ، عمارت و شوارع کے علاوہ وہ چیف منسٹر آفس کے انچارج ہوں گے۔ نرسنگ راؤ دیگر عہدیداروں کے کام کاج کی نگرانی اور ان سے تال میل کریں گے ۔ ایڈیشنل سکریٹری اور اسپیشل سکریٹریز اہم پالیسی فیصلوں کے سلسلہ میں نرسنگ راؤ سے مشاورت کریں گے ۔ شریمتی سمیتا سبھروال آئی اے ایس ایڈیشنل سکریٹری برائے چیف منسٹر کو پنچایت راج اور رورل ڈیولپمنٹ ، جنگلات و ماحولیات ، آبپاشی ، بہبود خواتین و اطفال و معذورین و معمرین ، ہاؤزنگ ، اگریکلچر، انیمل ہیسبنڈری ڈیری ڈیولپمنٹ ، مارکیٹنگ ، لینڈ ریونیو اور اربن لینڈ سیلنگ جیسے امور کی ذمہ داری دی گئی ہے۔ پی راج شیکھر ریڈی اسپیشل سکریٹری برائے چیف منسٹر کو تعلیم ، ٹرانسپورٹ ، میڈیکل اینڈ ہیلتھ قانون اور چیف منسٹر ریلیف فنڈ جیسے امور دیئے گئے ہیں۔ کے بھوپال ریڈی آئی ایف ایس ریٹائرڈ اسپیشل سکریٹری برائے چیف منسٹر کو بہبودیٔ درج فہرست اقوام و قبائل پسماندہ طبقات و اقلیت، فوڈ اینڈ سیول سپلائیز اسپورٹس اینڈ یوتھ سرویسز ، کلچر و ٹورازم ، لیبر ایمپلائیمنٹ اور انڈومنٹ جیسے امور الاٹ کئے گئے ہیں۔