چیف منسٹر کی یوم جمہوریہ تقریب سے قبل از وقت روانگی

حیدرآباد۔26جنوری ( سیاست نیوز) یو جمہوریہ کے سلسلہ میں پریڈ گراؤنڈ پر منعقدہ تقریب کے موقع پر پروٹوکول کی خلاف ورزی کا واقعہ پیش آیا ۔ گورنر مسٹر نرسمہن نے اپنی تقریر ختم کی ۔ چیف منسٹر چندر شیکھر راؤ نے اپنے فرزند مسٹر کے ٹی راما راؤ کو طلب کر کے کچھ بات کی اور اچانک نشست سے اُٹھ کر پریڈ گراونڈ سے باہر چلے گئے ‘ جس کے ساتھ ہی کابینی رفقا بھی اُٹھ کر باہر چلے گئے لیکن چیف منسٹر نے کابینی رفقاء کو فوری پریڈ گراؤنڈ میں بھیج دیا اور دوبارہ وزرا نے اپنی نشستیں سنبھال لیں۔ چیف منسٹر کی جلد بازی میں روانگی کا واقعہ ہر ایک کیلئے معمہ بن گیا ۔ ہمیشہ یوم جمہوریہ کے موقع پر تقریب کا اختتام ہونے کے بعد گورنر کو پریڈ گراونڈ سے چیف منسٹر وداع کرتے ہیں ۔ پھر چیف منسٹر کو چیف سکریٹری و ڈی جی پی وداع کرنے کی روایت رہی ہے ‘ لیکن آج اس روایت سے انحراف کرکے چندر شیکھر راؤ گورنر سے قبل ہی روانہ ہوگئے ۔ بتایا جاتا ہیکہ چیف منسٹر تقریب کے اختتام سے تقریباً 20تا 30منٹ قبل ہی پریڈ گراونڈ سے روانہ ہوگئے ۔