چیف منسٹر کی گورنر سے اچانک ملاقات، تشکیل تلنگانہ کی سمت پیشرفت پر استعفیٰ کی افواہیں

حیدرآباد۔10فبروری( سیاست نیوز) ریاست آندھراپردیش کی تقسیم اور لوک سبھا میں کسی بھی وقت ’’آندھراپردیش تنظیم جدید مسودہ بل 2013ء ‘‘ ( تلنگانہ مسودہ بل ) کی امکانی پیشکشی کے تناظر میں چیف منسٹر مسٹر این کرن کمار ریڈی نے آج صبح راج بھون پہنچ کر ریاستی گورنر مسٹر ای ایس ایل نرسمہن سے ملاقات کی اور اس ملاقات کے دوران ریاست کی تقسیم کے مسئلہ پر دونوں کے مابین تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا ۔ راج بھون کے باوثوق ذرائع کے مطابق بتایا جاتا ہیکہ چیف منسٹر مسٹر این کرن کمار ریڈی کی ریاستی گورنر مسٹر ای ایس ایل نرسمہن سے ملاقات کو خیرسگالی ملاقات قرار دیا گیا اور بتایا گیا کہ ریاستی اسمبلی میں آئندہ انتخابات کو پیش نظر رکھتے ہوئے پیش کئے جانے والے ووٹ آن اکاؤنٹ ( علی الحساب) بجٹ سے متعلق ریاستی گورنر کو واقف کروایا گیا ۔ ذرائع کے مطابق جہاں چیف منسٹر کی گورنر سے ملاقات کو خیرسگالی قرار دیا گیا ہے دوسری طرف ریاست کی تقسیم پر مرکز کی پہل کے پیش نظر سیاسی حلقوں میں مختلف قیاس آرائیاں کی جارہی ہیں۔