حیدرآباد ۔ 27 ۔ جنوری : ( سیاست نیوز ) : سیما آندھرا کی نمائندگی کرنے والے ریاستی وزیر مسٹر جی سرینواس نے چیف منسٹر کو برطرف کرنے کا مطالبہ کرنے والے ڈپٹی چیف منسٹر دامودھر راج نرسمہا کی سخت مذمت کی اور ڈپٹی چیف منسٹر پر صرف ایک ہی علاقہ کی نمائندگی کرنے کا الزام عائد کیا ۔ آج میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے متحدہ آندھرا کے کٹر حامی ریاستی وزیر مسٹر جی سرینواس راؤ نے کہا کہ چیف منسٹر کرن کمار ریڈی ریاست کے مفادات کا تحفظ کرنے اور تینوں علاقوں کی ترقی اور عوامی بہبود کو یقینی بنانے کے لیے ریاست کو متحد رکھنے کا مطالبہ کررہے ہیں ۔
ریاست کی تقسیم سے ہونے والے نقصانات کو بھی انہوں نے ایوان میں اعداد و شمار کے ساتھ پیش کیا ۔ صرف علاقہ تلنگانہ کی بات کرنے والے ڈپٹی چیف منسٹر دامودھر راج نرسمہا کو چیف منسٹر پر تنقید کرنے یا ان سے استعفیٰ طلب کرنے یا انہیں برطرف کرنے کا کانگریس ہائی کمان سے مطالبہ کرنے کا اخلاقی حق بھی نہیں ہے ۔ انہوں نے ڈپٹی چیف منسٹر کے عہدے پر فائز رہ کر صرف ایک علاقہ کی بات کرنے والے دامودھر راج نرسمہا کو عہدے سے برطرف کردینے کا مطالبہ کیا ۔ تلنگانہ مسودہ بل کو شکست دینے یا واپس روانہ کرنے پر کوئی اعتراض نہ ہونے کا اعلان کرنے والے ڈپٹی چیف منسٹر ایوان اسمبلی میں کیوں گڑبڑ کرنے کی حوصلہ افزائی کررہے ہیں استفسار کیا ۔
ریاستی وزیر امور مقننہ مسٹر شلیجہ ناتھ نے چیف منسٹر کی جانب سے مسودہ بل کو واپس روانہ کرنے کے لیے اسپیکر اسمبلی کو پیش کردہ نوٹس کی بھر پور تائید کرتے ہوئے کہا کہ چیف منسٹر نے سیاست سے بالاتر ہو کر ریاست کے مفادات کو پیش نظر رکھتے ہوئے اسپیکر اسمبلی کو نوٹس پیش کی ہے ۔ جب بھی اسمبلی سے متعلق بزنس اڈوائزری کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوگا ہم اس میں مسودہ بل پر رائے دہی کو یقینی بنانے کے لیے دباؤ ڈالیں گے ۔۔