چیف منسٹر کی رہائش گاہ کا آج گھیراؤکرنے طلباء تنظیموں کا اعلان

انٹر میڈیٹ نتائج میں بے قاعدگیوں کے خلاف طلبہ میں غم و غصہ برقرار، اپوزیشن جماعتیں بھی احتجاج میں شامل
حیدرآباد ۔/29 مئی، ( سیاست نیوز) انٹر میڈیٹ نتائج میں بے قاعدگیوں کے خلاف طلبہ کے اندر غم و غصہ برقرار ہے۔ محکمہ تعلیم اور حکومت کی ناقص کارکردگی پر طلباء تنظیموں نے احتجاج کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اپوزیشن جماعتیں بھی اس احتجاج میں حصہ لے رہی ہیں۔ مختلف طلباء تنظیموں کے قائدین نے بتایا کہ انٹر میڈیٹ نتائج میں بے قاعدگیوں سے کئی طلبہ کا مستقبل تاریک ہوا ہے۔ طلبہ اپنے غم و غصہ کے اظہار کیلئے کل 30 مئی کو چیف منسٹر کی سرکاری رہائش گاہ پرگتی بھون کا گھیراؤ کریں گے۔ اس کے علاوہ تلنگانہ کی یوم تاسیس کے موقع پر 2 جون کو بھی مجسمہ گاندھی واقع سکندرآباد پر خاموش احتجاج کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے۔ تلنگانہ ہائی کورٹ کی ہدایت پر بورڈ آف انٹر میڈیٹ نے انٹر میڈیٹ پرچہ جات کی دوبارہ جانچ اور ری کاؤنٹنگ کے نتائج کو انٹر میڈیٹ بورڈ کی ویب سائیٹ پر دستیاب رکھا گیا ہے۔ سکریٹری بورڈ آف انٹر میڈیٹ اشوک نے بتایا کہ امتحانات تحریر کرنے والے طلبہ کے جوابی بیاضات بھی اسکیان کرتے ہوئے ویب سائٹ پر اپ لوڈ کردیئے گئے ہیں۔ پرچوں کی دوبارہ جانچ کیلئے 5136 لیکچررس کی خدمات حاصل کی گئی تھیں۔