غریبوں میں گفٹ پیاکٹس کی 18 مئی کے بعد تقسیم، ٹی آر ایس قائدین دعوت افطار سے خوفزدہ
حیدرآباد ۔ 14۔ مئی (سیاست نیوز) الیکشن کمیشن نے تلنگانہ حکومت کو رمضان المبارک کے دوران غریبوں میں گفٹ پیاکٹس کی تقسیم کی اجازت دے دی ہے۔ باوثوق ذرائع نے بتایا کہ الیکشن کمیشن نے 18 مئی کے بعد تقسیم کی اجازت دیتے ہوئے شرط رکھی ہے کہ اس موقع پر سیاسی قائدین کو مدعو نہ کیا جائے ۔ لوک سبھا کے انتخابی ضابطہ اخلاق کے پیش نظر حکومت نے الیکشن کمیشن سے نمائندگی کی تھی کہ غریبوں میں کپڑوں کی تقسیم جاریہ اسکیم ہے اور ہر سال حکومت کی جانب سے گفٹ پیاکٹس اور افطار کا اہتمام کیا جاتا ہے ۔ الیکشن کمیشن نے مشروط اجازت دیتے ہوئے سیاسی قائدین کو شرکت سے منع کردیا۔ گفٹ پیاکٹس کی تقسیم ضلع کلکٹرس کی نگرانی میں عمل میں آئے گی اور متعلقہ عہدیدار مساجد میں افطار کے انتظامات کی نگرانی کریں گے ۔ 800 مساجد میں افطار اور گفٹ پیاکٹس کی تقسیم کا منصوبہ ہے۔ اس کے علاوہ 32 یتیم خانوں اور مختلف مسالک سے تعلق رکھنے والے افراد کی مساجد میں افطار اور پیاکٹس کی تقسیم عمل میں آئے گی۔ اسی دوران سرکاری ذرائع نے بتایا کہ چیف منسٹر کی دعوت افطار کے سلسلہ میں الیکشن کمیشن سے اجازت حاصل کی جاسکتی ہے۔ اس بارے میں کمیشن کو باقاعدہ مکتوب روانہ کرنے کی تیاری کی جارہی ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ 25 مئی تک مجالس مقامی انتخابات کی رائے دہی کے تمام مراحل مکمل ہوجائیں گے اور 27 مئی کو نتائج کا اعلان ہوگا۔ لہذا امید کی جارہی ہے کہ الیکشن کمیشن چیف منسٹر کی دعوت افطار کی اجازت 25 مئی کے بعد کسی بھی دن کیلئے دے سکتا ہے۔ عید الفطر 5 جون کو ہوسکتی ہے، لہذا چیف منسٹر کی دعوت افطار کیلئے تیسرے دہے کے آخری ایام دستیاب رہیں گے۔ اسی طرح گورنر ای ایس ایل نرسمہن بھی الیکشن کمیشن کی اجازت سے دعوت افطار کا اہتمام کرسکتے ہیں۔ مجالس مقامی کی کونسل کی تین نشستوں کے انتخابات کے پیش نظر انتخابی ضابطہ اخلاق 7 جون تک برقرار ہے۔ تاہم عہدیداروں کا کہنا ہے کہ اس کا اطلاق حیدرآباد پر نہیں ہوگا کیونکہ یہ نشستیں ورنگل ، نلگنڈہ اور رنگا ریڈی کی ہیں۔ اسی دوران ٹی آر ایس کے بعض قائدین مسجد یکخانہ عنبرپیٹ کی شہادت کے خلاف مسلمانوں میں پہلی بے چینی کو دیکھتے ہوئے سرکاری سطح پر دعوت افطار کے حق میں نہیں ہیں کیونکہ دعوت افطار کے بائیکاٹ کی مہم جاری ہے۔ اگر افطار میں شریک کوئی شخص مسجد کی شہادت کے مسئلہ کو اٹھا دے تو چیف منسٹر کیلئے تکلیف کا باعث ہوگا۔