سپریم کورٹ سے رجوع ہونے کا فیصلہ مضحکہ خیز ‘ محمد علی شبیر
کاما ریڈی 6 اگسٹ ( این ایس ایس ) تلنگانہ قانون ساز کونسل میں قائد اپوزیشن محمد علی شبیر نے مرکز کی جانب سے آبپاشی پراجیکٹس کے تعمیراتی سامان پر جی ایس ٹی نافذ کرنے کے خلاف سپریم کورٹ سے رجوع ہونے چیف منسٹر چندر شیکھر راؤ کے اعلان پر تنقید کی ہے ۔ یہاں پارٹی ورکرس سے خطاب کرتے ہوئے محمد علی شبیر نے کہا کہ چندر شیکھر راؤ نے کانگریس کی جانب سے عدالتوں کا دروازہ کھٹکھٹانے پر تنقید کی تھی اور کہا تھا کہ پارٹی تلنگانہ کی ترقی کی راہ میں رکاوٹ پیدا کر رہی ہے لیکن اب یہی کے سی آر جی ایس ٹی مسئلہ پر عدالت سے رجوع ہونے کی بات کر رہے ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ کانگریس نے عوامی اہمیت کے مسائل پر عدالت کو آواز دی ہے کیونکہ یہ سب کا بنیادی حق اور ذمہ داری ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس پارٹی عوامی اہمیت کے مسائل کو اٹھاتے ہوئے تلنگانہ میں کانگریس پارٹی عوام کی خدمت کر رہی ہے ۔ انہوں نے چیف منسٹر کو مشورہ دیا کہ وہ سنجیدہ اور باشعور طریقہ کار اختیار کریںاور عوامی پالیسیاں تیار کریں ۔ انہوں نے کہا یہی تلنگانہ کی حقیقی تہذیب ہے ۔ واضح رہے کہ چندر شیکھر راؤ نے آج جی ایس ٹی پر مخالفانہ رویہ اختیار کیا ہے اور آج منعقدہ جی ایس ٹی کونسل کے بعض فیصلوں پر اعتراض کرتے ہوئے ترقیاتی پراجیکٹس پر جی ایس ٹی کے نفاذ کے خلاف سپریم کورٹ سے رجوع ہونے کا اعلان بھی کیا ہے ۔ ابتداء میں ٹی آر ایس نے جی ایس ٹی کی حمایت کی تھی ۔