حیدرآباد: یکم اپریل ( سیاست نیوز) چیف منسٹر چندر شیکھر راؤ کی جانب سے اجمیر میں درگاہ حضرت خواجہ معین الدین چشتی ؒ کیلئے غلاف کی روانگی عمل میں آرہی ہے۔ صدرنشین وقف بورڈ محمد سلیم، سکریٹری اقلیتی بہبود سید عمر جلیل، سی ای او وقف بورڈ منان فاروقی اور ڈپٹی میئر بابا فصیح الدین پر مشتمل وفد توقع ہیکہ اتوار کو اجمیر روانہ ہوگا جہاں چیف منسٹر کی جانب سے غلاف پیش کیا جائیگا۔ چیف منسٹر نے درگاہ کے قریب تلنگانہ زائرین کیلئے رباط کی تعمیر کے سلسلہ میں ڈپٹی چیف منسٹر محمد محمود علی کی قیادت میں ارکان اسمبلی وفد راجستھان روانہ کرنے کا اعلان کیا تھا۔ ان کے دورہ کی تاریخ کو جلد قطعیت دی جائیگی۔ بتایا جاتا ہیکہ ڈپٹی چیف منسٹر کی قیادت میں وفد چیف منسٹر راجستھان سے ملاقات کرکے رباط کے قیام کے سلسلہ میں اراضی کی نشاندہی کریگا۔