اجین۔28مارچ (سیاست ڈاٹ کام) مدھیہ پردیش کے اجین میں آر ایس ایس کے سابق میٹروپولیٹن چیف کندن چندراوت کو اپنے متنازعہ بیان کی وجہ سے عدالت کے حکم کے بعد آج جیل بھیج دیا گیا۔ چندراوت نے چند روز پہلے ایک دھرنا مظاہرہ کے دوران کیرالہ میں آر ایس ایس کے کارکنوں کے قتل کے معاملے میں وہاں کے وزیر اعلی کا سر قلم کرنے والے کو ایک کروڑ روپے کا انعام دینے کا اعلان کیا تھا۔ مادھو نگر پولس ذرائع نے بتایا کہ کندن چندراوت کو کل گرفتار کرکے عدالت میں پیش کیا گیا تھا، جہاں سے ملزم کو جیل بھیجنے کا حکم دیا گیا تھا۔ کل رات ہونے کی وجہ سے کندن چندراوت کو مادھو نگر تھانے میں رکھا گیا، جہاں سے آج صبح اسے جیل بھیج دیا گیا ہے ۔ اس معاملے میں تنازعہ بڑھنے کے بعد کندن چندراوت نے اپنا بیان واپس لے لیا تھا۔ ساتھ ہی آر ایس ایس نے کندن چندراوت کو عہدے سے بھی ہٹا دیا تھا۔ مگر تب تک مادھو نگر پولس نے اس بیان پر کیس درج کرکے چھان بین شروع کردی تھی۔