چیف منسٹر کل ریتو بندھو اسکیم کا افتتاح کریں گے

حیدرآباد 8 مئی ( پی ٹی آئی ) چیف منسٹر تلنگانہ کے چندر شیکھر راؤ 10 مئی کو ریتو بندھو سرمایہ کاری سپورٹ اسکیم کا افتتاح کرینگے اور اس سلسلہ میں وہ کسانوں کو چیکس کی تقسیم عمل میں لائیں گے ۔ یہ پروگرام 10 مئی کو شروع ہوگا اور 17 مئی تک جاری رہے گا ۔ ڈپٹی چیف منسٹر محمد محمود علی ‘ جو محکمہ مال کا قلمدان رکھتے ہیں ‘ یہ بات بتائی ۔ انہوں نے کہا کہ ضرورت پڑنے پر اس پروگرام میں مزید دو تا تین دن کی توسیع کی جاسکتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ دوسرے مرحلہ میں قولدار کسانوں اور وقف و ہندو انڈومنٹ کی اراضیات کیلئے چیکس اور پٹہ دار پاس بکس جاری کئے جائیں گے ۔ اس کا مقصد پرنٹنگ و دوسرے مسائل سے بچنا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ چیکس اور پٹہ دار پاس بکس کی پرسکون تقسیم کو یقینی بنانے موثر انتظامات کئے گئے ہیں۔