چیف منسٹر کرن کمار کے سیاسی زندگی میں سنیاس کے دن قریب ، ٹی ہریش راؤ

حیدرآباد۔یکم فروری، ( سیاست نیوز) ٹی آر ایس کے ڈپٹی فلور لیڈر ہریش راؤ نے چیف منسٹر کے اس بیان پر شدید ردعمل کا اظہار کیا کہ اسمبلی کی جانب سے مسترد کردہ بل کی کوئی اہمیت نہیں ہے۔اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے ہریش راؤ نے کہا کہ اسمبلی کی جانب سے بل کو مسترد کئے جانے کا دعویٰ مضحکہ خیز ہے کیونکہ سیما آندھرا قائدین کے دباؤ کے تحت اسپیکر نے تلنگانہ ارکان کی رائے حاصل کئے بغیر ندائی ووٹ سے چیف منسٹر کی جانب سے پیش کردہ قرارداد کو منظوری دے دی۔ انہوں نے کہا کہ جس طرح نقلی سکہ میں آواز زیادہ ہوتی ہے اور ایک بے کار شخص کے پاس باتیں زیادہ ہوتی ہیں اسی طرح کرن کمار ریڈی کا بھی حال ہے۔ مرکز کی جانب سے ریاست کی تقسیم کے فیصلہ کے بعد کرن کمار ریڈی کی حیثیت نقلی سکہ سے زیادہ کچھ نہیں۔ پارلیمنٹ میں تلنگانہ بل کی پیشکشی کے ساتھ ہی کرن کمار ریڈی کے سیاسی مستقبل کا فیصلہ ہوجائے گا۔

انہوں نے کہاکہ پارلیمنٹ میں تلنگانہ بل کی منظوری یقینی ہے اور اسے نقلی قراردینے والے خود بل کی منظوری کے بعد سیاسی منظر سے غائب ہوجائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر کرن کمار ریڈی نے خود اعلان کیا ہے کہ پارلیمنٹ میں بل کی پیشکشی کی صورت میں وہ سیاسی زندگی سے سنیاس لے لیں گے لہذا اب ان کے سنیاس کے دن قریب آچکے ہیں کیونکہ تلنگانہ بل کی منظوری یقینی ہے۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ سیما آندھرا عوام کو گمراہ کرنے کیلئے چیف منسٹر اس طرح کے بیانات دے رہے ہیں۔کرن کمار ریڈی اور ایل راجگوپال کی جانب سے سیاسی سنیاس لینے سے متعلق اعلانات سیما آندھرا عوام کی ہمدردی حاصل کرنے کی کوشش کے سوا کچھ نہیں۔

ہریش راؤ نے کہا کہ صدر ٹی آر ایس چندر شیکھر راؤ نئی دہلی میں قیام کے دوران کانگریس کے اعلیٰ قائدین اور دیگر قومی جماعتوں کے قائدین سے ملاقات کریں گے تاکہ پارلیمنٹ میں بل کی منظوری کو یقینی بنایا جاسکے۔4 فروری صبح 10 بجے چندر شیکھر راؤ کی قیادت میں پارٹی ارکان پارلیمنٹ، اسمبلی وکونسل اور سینئر قائدین وزیراعظم سے ملاقات کریں گے اور تلنگانہ مسودہ بل میں ضروری ترمیمات کے بارے میں نمائندگی کی جائے گی۔
انہوں نے بتایاکہ صدر کانگریس سونیا گاندھی سے ملاقات کرتے ہوئے ریاست کی تقسیم کے سلسلہ میں ان کے اٹل موقف کیلئے مبارکباد پیش کی جائے گی۔