چیف منسٹر کرناٹک کی زیرقیادت وفد کی وزیراعظم سے ملاقات

نئی دہلی 10 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) چیف منسٹر کرناٹک ایچ ڈی کمارا سوامی کی زیرقیادت ایک اعلیٰ سطحی وفد نے پیر کو وزیراعظم نریندر مودی سے ملاقات کی اور ان سے درخواست کی کہ میکڈاٹو میں کاویری ندی پر تعمیر کئے جانے والے 5,912 کروڑ روپئے لاگتی ذخیرہ آب پر ٹاملناڈو کی جانب سے اُٹھائے گئے مسائل کو حل کرنے کے لئے ایک اجلاس طلب کیا جائے۔ حکومت کرناٹک نے مجوزہ میکڈاٹو ذخیرہ آب سے متعلق فیزیبلٹی رپورٹ کو سنٹرل واٹر کمیشن کی منظوری طلب کی ہے لیکن ٹاملناڈو کے چیف منسٹر کے پلانی سوامی نے حال میں وزیراعظم کو ایک مکتوب روانہ کرتے ہوئے فیزیبلٹی رپورٹ کے سلسلہ میں مزید کارروائی کو روکنے کے لئے ان سے مداخلت کرنے کی خواہش کی۔ وزیراعظم سے ملاقات کے بعد کرناٹک کے وزیر آبی وسائل ڈی کے شیو کمار نے اخباری نمائندوں کو بتایا کہ اس معاملہ کو حل کرنے کے لئے ہم نے وزیراعظم سے دونوں ریاستوں کے چیف منسٹرس کا ایک اجلاس طلب کرنے کی درخواست کی ہے‘‘۔