چیف منسٹر کا 4 مئی کو دورہ ابراہیم پٹنم ‘ عوام سے خطاب

حیدرآباد 26 اپریل ( سیاست نیوز) چیف منسٹر چندرشیکھرراؤ کا 4؍ مئی کو ضلع رنگاریڈی کے ابراہیم پٹن کا دورہ متوقع ہے ۔ اس موقع پر چندرشیکھرراؤ حلقہ اسمبلی ابراہیم پٹن میں مختلف ترقیاتی پروگراموں میں حصہ لیں گے ۔ سرکاری ذرائع نے کہا کہ رکن اسمبلی ابراہیم پٹن جنہوں نے گذشتہ دو دن قبل ہی تلگو دیشم پارٹی سے مستعفی ہو کر تلنگانہ راشٹرا سمیتی میں شامل ہوئے ہیں ۔ اپنے حلقہ کے مستقر پر چیف منسٹر کو مدعو کر کے بڑا جلسہ عام منعقد کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں ۔ وہ چیف منسٹر کو اپنے مقام پر مدعو کرکے پارٹی کو مستحکم بنانا چاہتے ہیں ۔ اسی دوران مسٹر ایم کشن ریڈی رکن اسمبلی نے بتایا وہ محض اپنے حلقہ اسمبلی کی ترقی کیلئے تلگودیشم سے مستعفی ہوکر برسراقتدار جماعت تلنگانہ راشٹرا سمیتی میں شامل ہوئے ہیں ۔ اسی مقصد سے ابراہیم پٹن مستقر پر بڑا جلسہ عام منعقد کرکے چیف منسٹر کو مدعو کرکے حلقہ میں مختلف ترقیاتی کاموں کیلئے اعلانات کروانے کی کوشش کریں گے ۔ علاوہ ازیں چیف منسٹر کی موجودگی میں مسٹر ایم کشن ریڈی تلگودیشم کے بڑے کیڈر کو تلنگانہ راشٹرا سمیتی میں شامل کرائیں گے ۔ بتایا جاتا ہے کہ مسٹر کشن ریڈی اپنے حلقہ انتخاب میں اپنی گرفت اور عوام میں اپنے مقام کو بتانے چیف منسٹر کو مدعو کر رہے ہیں ۔ جلسہ میں ہزاروں کی تعداد میں عوام کی شرکت کو یقینی بنانے کے لئے بہت ہی بڑے پیمانے پر جلسہ عام کا انعقاد عمل میں لانے کے اقدامات کر رہے ہیں ۔