حیدرآباد /3 جنوری ( پی ٹی آئی ) آندھراپردیش پولیس نے کریم نگر کے کانگریس رکن پارلیمنٹ پونم پربھاکر کے خلاف از خود ایک مقدمہ درج کرلیا ہے جنہوںنے مبینہ طور پر کہا تھاکہ وہ آندھراپردیش کے چیف منسٹر این کرن کمار ریڈی کے ہیلی کاپٹر کو گولی مار کر گرا دیں گے ۔ ڈی آئی جی ( کریم نگر رینج ) آر بی نائیک نے پی ٹی آئی سے کہا کہ ’’ کریم نگر ٹاون II پولیس اسٹیشن میں ایک از خود مقدمہ درج کرلیا گیا ہے اور اس واقعہ کی تحقیقات کی جارہی ہیں ‘‘ کریم نگر کے ڈسٹرکٹ سپرنٹنڈنٹ پولیس ( ڈی ایس پی ) وی سیوا کمار نے کہا کہ اس رکن پارلیمنٹ ( پونم پربھاکر ) کے خلاف دفعہ 153 (اے ) ( مختلف گروپوں کے درمیان مخاصمت پھیلانے کے الزام ) کے تحت مقدمہ درج کرلیا گیا ہے ۔
پونم پربھاکر نے گذشتہ روز کریم نگر میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے اپنے اپنے ہاتھ کو بندوق بناتے ہوئے اشارہ کیا تھا کہ وہ چیف منسٹر کے ہیلی کاپٹر کو گولی مار کر گرا دیں گے ۔ جب وہ 5 جنوری کو کریم نگر کے دورہ پر پہونچیں گے ۔ اس سوال پر کہ آیا وہ انہیں ( پونم پربھاکر کو ) پوچھ گچھ کیلئے طلب کریں گے ۔ ڈی ایس پی سیوا کمارنے جواب دیا کہ ’’فی الحال مواد و تفصیلات جمع کئے جارہے ہیں جن کی بنیاد پر مزید کارروائی کی جائے گی ۔ پونم نے گذشتہ روز مسٹر کرن کمار ریڈی کو دھمکی دیتے ہوئے کہا تھا کہ وہ کس طرح کریم نگر آسکتے ہیں جبکہ وہ تلنگانہ کے قیام کی مخالفت کر رہے ہیں ۔ ڈائرکٹر جنرل پولیس پرساد راؤ نے قبل ازیں آج دان کے دوران وجئے واڑہ میں کہا تھا کریم نگر پولیس اس ضمن میں ازخود مقدمہ درج کر رہی ہے ۔