چیف منسٹر کا دورہ دہلی ‘ مرکزی کابینہ میں رد و بدل کے پیش نظر قیاس آرائیاں

حیدرآباد ۔ یکم ستمبر ( سیاست نیوز ) چیف منسٹر مسٹر کے چندر شیکھر راؤ آج شام دہلی کے سہ روزہ دورہ پر روانہ ہوگئے ۔ سرکاری حلقوں میں کہا گیا ہے کہ چیف منسٹر اپنے قیام دہلی کے موقع پر ریاست کو درپیش مختلف مسائل پر مرکزی وزرا اور دیگر قائدین سے ملاقاتیں کرینگے ۔ تاہم چونکہ اتوار 3 ستمبر کو مرکز کی نریندر مودی کابینہ میں توسیع اور رد و بدل ہونے والا ہے اس کے پیش نظر چندر شیکھر راؤ کے دورہ دہلی سے مختلف قیاس آرائیاں شروع ہوگئی ہیں۔ دہلی میں کابینہ میں توسیع یا رد و بدل کے سلسلہ میں سرگرمیاں عروج پر پہونچ چکی ہیں۔ این ڈی اے میں نئی سیاسی جماعتیں بھی شامل ہو رہی ہیں ۔ ان میں چیف منسٹر بہار نتیش کمار اور ٹاملناڈ وکی برسر اقتدار آل انڈیا انا ڈی ایم کے جیسی جماعتیں بھی شامل ہیں ۔ اس کے علاوہ بی جے پی کی جانب سے دیگر جماعتوں کو این ڈی اے میں شامل کرنے کی کوششیں بھی ہو رہی ہیں۔ اس پس منظر میں چندر شیکھر راؤ کے دورہ دہلی کی سیاسی اہمیت بڑھ گئی ہے ۔ سیاسی حلقوں میں اس تعلق سے مختلف قیاس آرائیاں کی جا رہی ہیں۔ تاہم ریاست میں برسر اقتدار ٹی آر ایس کے باوثوق ذرائع کا کہنا ہے کہ چیف منسٹر کے دورہ دہلی کے کوئی سیاسی اغراض و مقاصد نہیں ہیں ۔ چیف منسٹر چند دن قبل دہلی میں اپنی آنکھوں کا معائنہ کرواچکے ہیں اور اب بھی ڈاکٹرس کی ہدایت پر وہ دوبارہ معائنہ کیلئے دہلی گئے ہیں۔ تاہم پارٹی حلقوں کا کہنا ہے کہ چیف منسٹر ریاست کو درپیش کچھ مسائل پر وزیر اعظم نریندرمودی سے ضرور نمائندگی کرسکتے ہیں۔