چیف منسٹر کا آج گدوال کا دورہ، ترقیاتی کاموں کا جائزہ

حیدرآباد۔ 28 جون (سیاست نیوز) چیف منسٹر کے چندر شیکھر رائو 29 جون کو گدوال ضلع کا دورہ کریں گے۔ مختلف ترقیاتی کاموں کا جائزہ لینے کے علاوہ وہ جلسہ عام سے خطاب کریں گے۔ وزیر صحت ڈاکٹر لکشما ریڈی اور ضلع کے عوامی نمائندوں نے آج چیف منسٹر کے دورے کے انتظامات کا جائزہ لیا۔ گدوال میں جلسہ عام کے مقام کا معائنہ کرتے ہوئے ریاستی وزیر نے عوام کے لیے فراہم کی جارہی سہولتوں کا جائزہ لیا۔ چیف منسٹر دورے کے موقع پر توملّا آبپاشی پراجیکٹ کے تعمیری کاموں کا جائزہ لیں گے۔ بعد میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے ڈاکٹر لکشما ریڈی نے کہا کہ تلنگانہ حکومت ترقی اور بھلائی کی اسکیمات پر موثر انداز میں عمل کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ آبپاشی پراجیکٹس مقررہ مدت سے قبل مکمل کرنے کے اقدامات کیے جارہے ہیں۔ سابق میں کسی بھی حکومت نے پراجیکٹس کی تعمیر پر توجہ نہیں دی۔ انہوں نے کہاکہ چیف منسٹر کے چندر شیکھر رائو کی قیادت میں تلنگانہ ریاست سنہرے تلنگانہ کی طرف تیزی سے پیشقدمی کررہی ہے۔ محبوب نگر ضلع میں تمام آبپاشی پراجیکٹس کی تکمیل کے ذریعہ ضلع کو سرسبز و شاداب بنایا جائے گا۔ سابق حکومتوں نے ضلع کو خشک سالی سے متاثرہ علاقوں میں تبدیل کردیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ محبوب نگر سے لاکھوں کی تعداد میں لوگ روزگار کے لیے نقل مقام کرچکے تھے لیکن ٹی آر ایس حکومت برسر اقتدار آنے کے بعد وہ واپس ہورہے ہیں۔ حکومت نے روزگار کے مواقع فراہم کیے ہیں اور زرعی شعبہ کے لیے نئی اسکیمات کے ذریعہ زراعت کو منافع بخش شعبہ میں تبدیل کیا ہے۔ تلنگانہ عوام حکومت کی کارکردگی سے اس موقع پر رکن اسمبلی سرینواس گوڑ، ضلع سپرنٹنڈنٹ پولیس آر راجیشوری، گدوال کے ٹی آر آیس پارٹی انچارج کرشنا موہن ریڈی اور دوسرے موجود تھے۔