حیدرآباد۔/16اکٹوبر، ( سیاست نیوز) چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے آج راج بھون میں گورنر ای ایس ایل نرسمہن سے ملاقات کی۔ بتایا جاتا ہے کہ اس ملاقات کے دوران اسمبلی کے مجوزہ اجلاس کے علاوہ بعض دیگر اہم موضوعات پر بھی بات چیت کی گئی۔ تلنگانہ حکومت نومبر میں اسمبلی کا بجٹ کا اجلاس طلب کرنے کا منصوبہ رکھتی ہے تاکہ مابقی چار ماہ کے بجٹ کو منظوری دی جاسکے۔ اپوزیشن جماعتوں کی جانب سے حکومت پر اسمبلی اجلاس کی طلبی کیلئے دباؤ میں دن بہ دن اضافہ ہورہا ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ چیف منسٹر نے تلنگانہ میں موجود برقی بحران اور حکومت کی جانب سے نئی اسکیمات کے آغاز اور ان پر عمل آوری کے سلسلہ میں بھی گورنر کو واقف کرایا۔ ای ایس ایل نرسمہن فی الوقت تلنگانہ اور آندھرا پردیش کے مشترکہ گورنر کی حیثیت سے خدمات انجام دے رہے ہیں۔ باوثوق ذرائع کے مطابق چیف منسٹر نے ریاست کو درپیش مختلف مسائل کی یکسوئی کے سلسلہ میں گورنر سے تعاون کی خواہش کی تاکہ وہ مرکزی حکومت پر اثر انداز ہوتے ہوئے تلنگانہ کیلئے مناسب فنڈز کے حصول کو یقینی بنائیں۔