مرکزی حکومت سے خوشگوار تعلقات بنانے کا منصوبہ
حیدرآباد۔/5جون، ( سیاست نیوز) چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ کل 6جون کی شام نئی دہلی روانہ ہوں گے۔ تلنگانہ کے پہلے چیف منسٹر کی حیثیت سے جائزہ لینے کے بعد یہ اُن کا پہلا دورہ دہلی ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ وہ دو دن تک دہلی میں قیام کریں گے اور وہ صدر جمہوریہ پرنب مکرجی کے علاوہ وزیر اعظم نریندر مودی سے ملاقات کریں گے۔ صدر جمہوریہ سے ملاقات کے دوران وہ ریاست کی تنظیم جدید بل میں شامل اُمور پر موثر انداز میں عمل آوری کی نمائندگی کریں گے۔ وزیر اعظم نریندر مودی سے ان کی ملاقات اہمیت کی حامل ہے کیونکہ تلنگانہ ریاست کی ترقی کیلئے مرکزی حکومت کا تعاون ناگزیر ہے اور ٹی آر ایس کو اندیشہ ہے کہ تلگودیشم سربراہ چندرا بابو نائیڈو آندھرا پردیش کی ترقی کیلئے نریندر مودی حکومت سے زائد فنڈز اور مراعات حاصل کرسکتے ہیں۔ ٹی آر ایس اگرچہ این ڈی اے کی حلیف نہیں ہے تاہم اس نے مرکزی حکومت سے خوشگوار تعلقات استوار کرنے کا منصوبہ بنایا ہے تاکہ مرکز سے فراخدلانہ تعاون حاصل کیا جاسکے۔ ریاست کو درپیش مسائل کے سلسلہ میں کے سی آر کی جانب سے نریندر مودی کو ایک یادداشت پیش کی جائے گی۔ دہلی میں قیام کے دوران چندر شیکھر راؤ بعض مرکزی وزراء سے بھی ملاقات کریںگے۔ کے سی آر کے دورہ کی کامیابی کیلئے ٹی آر ایس کے ارکان پارلیمنٹ نئی دہلی میں متحرک ہوچکے ہیں۔ سابق میں بی جے پی سے تعلق رکھنے والے ٹی آر ایس فلور لیڈر لوک سبھا جتندر ریڈی اور سینئر قائد ڈاکٹر کے کیشو راؤ اس بات کیلئے کوشاں ہیں کہ چندر شیکھر راؤ کا دورہ تلنگانہ کے حق میں ثمرآور ثابت ہو۔