چیف منسٹر پر ہر رکن اسمبلی کو ایک کروڑ روپئے تقسیم کرنے کا الزام

اعلی سطح کی تحقیقات کروانے کا مطالبہ ۔ رکن اسمبلی ریونت ریڈی کا بیان
حیدرآباد ۔ 25 ۔ اگست : ( سیاست نیوز ) : کانگریس رکن اسمبلی ریونت ریڈی نے تلنگانہ بھون میں منعقدہ ٹی آر ایس مقننہ اور پارلیمانی کمیٹی کے اجلاس پر متنازعہ ریمارکس کرتے ہوئے کہا کہ چیف منسٹر نے اس اجلاس میں ہر رکن اسمبلی کو ایک کروڑ روپئے دئے ہیں ۔ اس کی اعلیٰ سطحی تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے اور کہا کہ کے سی آر کا ہائی کمان نریندر مودی ہیں ۔ ٹی آر ایس تلنگانہ میں بی جے پی کی علاقائی یونٹ ہے ۔ ریونت ریڈی نے میڈیا سے کہا کہ انہوں نے ایک کروڑ روپئے ٹی آر ایس کے ارکان اسمبلی میں تقسیم کرنے کے جو الزامات عائد کیے ہیں اس کی ان کے پاس مکمل اطلاعات ہیں ۔ خود ٹی آر ایس ارکان اسمبلی نے انہیں یہ بات بتائی ہے ۔ ان کے الزامات کی اعلیٰ سطحی تحقیقات کرائی گئی تو وہ تمام تفصیلات پیش کرنے تیار ہیں ۔ ریونت ریڈی نے کہا کہ اگر کے سی آر کا ہائی کمان گلی ہوتا تو وہ بار بار دہلی کیوں جارہے ہیں ۔ اس سے اندازہ ہوگیا کہ کے سی آر کا ہائی کمان مودی ہے ۔ قبل از وقت انتخابات کیلئے قلابازیاں لگانے کا چیف منسٹر پر الزام عائد کیا اور کہا کہ ناکامی کے سی آر کا مقدر بن چکی ہے ۔ انتخابی بگل بجانے 25 لاکھ عوام کے ساتھ جلسہ عام منعقد کرنے کا اعلان کرکے ٹی آر ایس عوام کو گمراہ کرنے کی کوشش کررہی ہے ۔ 2 لاکھ عوام کو 25 لاکھ کی طرح پیش کرنے کی پہلے ہی منصوبہ بندی کرلی گئی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ دیہی علاقوں کا دورہ کرنے کے موقف میں چیف منسٹر نہیں ہے اس لیے شہر میں جلسہ منعقد کیا جارہا ہے ۔ انہوں نے وزیر بلدی نظم و نسق کے ٹی آر کو چیلنج کیا کہ وہ اپنے اسمبلی حلقہ سے جلسہ عام میں 25 ہزار عوام کو لاکر بتائیں ۔ چیک پوسٹ کا اہتمام کریں تو پتہ چل جانے کا دعویٰ کیا ۔ چیک پوسٹ کے پاس 2,500 گاڑیوں کے نمبرات کو ریکارڈ کیا جائے ۔ کیا اس کیلئے کے ٹی آر تیار ہیں ؟ ۔ انہوں نے کہا کہ ۔ اگر ٹی آر ایس سے نئے لوگوں کو ٹکٹ دیا جاتا ہے تو پارٹی کے قدیم قائدین انہیں ہرا دیں گے ۔ موجودہ ارکان اسمبلی کو ٹکٹ دیا گیا تو عوام شکست سے دوچار کردیں گے ۔ آئندہ انتخابات میں کانگریس کی کامیابی کو یقینی قرار دیا ۔