چیف منسٹر پر کانگریس قائدین کے الزامات بوکھلاہٹ کا نتیجہ

بتکماں فیسٹیول کی ساڑیوںکی تقسیم انتخابات کے بعد، وزیر برقی جگدیش ریڈی کی پریس کانفرنس
حیدرآباد۔/5 اکٹوبر، ( سیاست نیوز) ریاستی وزیر برقی جگدیش ریڈی نے نلگنڈہ میں کل منعقدہ چیف منسٹر کے جلسہ عام کو تاریخی اور کامیاب قرار دیا اور کہا کہ اس جلسہ کے بعد بوکھلاہٹ کے سبب کانگریس قائدین کا ذہنی توازن بگڑ چکا ہے۔ میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے جگدیش ریڈی نے کہا کہ جلسہ عام میں ہزاروں افراد کی شرکت ٹی آر ایس حکومت سے عوام کی وابستگی کا واضح ثبوت ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام نے حکومت کے فلاحی اور ترقیاتی اقدامات کی مکمل تائید کی ہے۔ کانگریس کی تنقیدوں کو مسترد کرتے ہوئے جگدیش ریڈی نے کہا کہ کانگریس کے قائد کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی کا ذہنی توازن پہلے ہی سے خراب ہے اور اب تو عوام خود بھی اس بات کو محسوس کرنے لگے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وینکٹ ریڈی نے چیف منسٹر پر جس طرح الزامات عائد کئے ہیں وہ ان کی بوکھلاہٹ کا واضح ثبوت ہے۔ انہوں نے وینکٹ ریڈی کے اس بیان کی مذمت کی کہ دامر چرلہ میں 4000 میگا واٹ کے پاور پلانٹ کو برسراقتدار آنے پر وہ بند کردیں گے۔ انہوں نے کہا کہ اس بیان سے وینکٹ ریڈی اور کانگریس پارٹی کے موقف کا اندازہ ہوتا ہے۔ نلگنڈہ کیلئے دامر چرلہ تھرمل پاور پلانٹ کافی جدوجہد کے بعد حاصل کیا گیا۔ انہوں نے اتم کمار ریڈی اور جانا ریڈی سے مطالبہ کیا کہ پاور پلانٹ کے بارے میں وینکٹ ریڈی کے بیان پر اپنے موقف کا اظہار کریں کہ آیا یہ کانگریس پارٹی کا موقف ہے؟ ۔ نلگنڈہ ضلع کیلئے یہ پاور پلانٹ برقی کی سربراہی کا اہم ذریعہ ہے اور اسے بند کرنے کی بات قابل مذمت ہے۔ جگدیش ریڈی نے کہا کہ سابق میں کانگریس نے اس پراجکٹ کی راہ میں رکاوٹ پیدا کی تھی لیکن اب تو کھل کر پراجکٹ کی مخالفت کررہے ہیں لہذا کانگریس مخالف ترقی پارٹی ثابت ہوچکی ہے۔ وزیر برقی نے کہا کہ کانگریس لاکھ مخالفت کرلے اس پراجکٹ کو بہر صورت مکمل کیا جائے گا۔ اس پراجکٹ کے ذریعہ سینکڑوں عوام کو روزگار حاصل ہوگا۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ بتکماں فیسٹول کے موقع پر ساڑیوں کی تقسیم کو کانگریس پارٹی نے روکنے کی کوشش کرتے ہوئے خواتین کے ساتھ ناانصافی کی ہے۔ کسانوں کو یہ احساس ہونے لگا ہے کہ کانگریس نے رعیتو بندھو اسکیم کے چیکس کی تقسیم میں بھی رکاوٹ پیدا کی۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس نے عوام کو دھوکہ دیا ہے اور آئندہ انتخابات میں عوام سبق سکھائیںگے۔ جگدیش ریڈی نے کہا کہ کانگریس قائدین کو اپنی شکست کا یقین ہوچکا ہے لہذا وہ عوام سے انتقام لے رہے ہیں۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ نلگنڈہ کی تمام 12 نشستوں پر ٹی آر ایس بھاری اکثریت سے کامیابی حاصل کرے گی۔ انہوں نے چیف منسٹر آندھرا پردیش چندرا بابو نائیڈو پر کے سی آر کے ریمارکس کی تائید کی اور کہا کہ چندرا بابو نائیڈو پھر ایک مرتبہ تلنگانہ کو نقصان پہنچانے کی کوشش کررہے ہیں۔ اسی دوران رکن پارلیمنٹ جی سکھیندر ریڈی نے کہا کہ نلگنڈہ کے کانگریس قائدین آپس میں اختلافات کا شکار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس نے کبھی بھی ترقیاتی کاموں کی تائید نہیں کی۔