چیف منسٹر پاریکر کی علاج کیلئے امریکہ روانگی

ممبئی ؍ پاناجی 30 اگسٹ (سیاست ڈاٹ کام) چیف منسٹر گوا منوہر پاریکر طبی علاج کے لئے آج امریکہ روانہ ہوئے۔ ایک عہدیدار نے بتایا کہ 62 سالہ پاریکر رواں سال کے اوائل تین ماہ امریکہ میں لبلبے کے عارضہ کے سلسلہ میں علاج کراچکے ہیں اور وہ جون میں واپس ہوئے تھے۔ رواں ماہ کے اوائل وہ دوبارہ امریکہ گئے تھے تاکہ چیک اپ کرواسکیں۔ دفتر چیف منسٹر کے عہدیدار نے نیوز ایجنسی پی ٹی آئی کو بتایا کہ پاریکر ممبئی ایرپورٹ سے رات 1.30 بجے ایر انڈیا فلائیٹ کے ذریعہ روانہ ہوئے۔ وہ 8 یوم میں واپس آجانے کی توقع ہے۔ اُنھیں گزشتہ جمعرات کو ہیلت چیک اپ کے لئے ممبئی کے لیلاوتی ہاسپٹل میں شریک کرایا گیا تھا جبکہ وہ ایک روز قبل ہی امریکہ سے واپس ہوئے تھے۔ اِس دوران گوا کانگریس لیجسلیچر پارٹی نے چیف منسٹر کے جاریہ علاج کے تناظر میں ریاستی قیادت کے مسئلہ پر غور و خوض کے لئے کل میٹنگ طلب کی ہے۔ ایک پارٹی لیڈر نے آج کہاکہ اِس میٹنگ میں سی ایل پی غور کرے گی کہ آیا اُنھیں ریاستی قیادت کے مسئلہ پر ریاستی گورنر نرودلا سنہا سے مداخلت طلب کرنا چاہئے؟