چینائی ۔ 24 ۔ فروری (سیاست ڈاٹ کام) چیف منسٹر ٹاملناڈو جیہ للیتا آج 68 سال کی ہوگئیں ۔ اس موقع پر مختلف لیلاروں بشمول وزیراعظم نریندر مودی ریاستی گورنر کے روشیا اور آندھراپردیش کے ہم منصب چندرا بابو نائیڈو نے پیام مبارکباد روانہ کئے ہیں۔ وزیراعظم جو کہ انا ڈی ایم کے جنرل سکریٹری کے ساتھ خوشگوار تعلقات رکھتے ہیں، ٹیلیفون پر سالگرہ کی مبارکباد دی جس پر انہوں نے وزیراعظم سے اظہار تشکر کیا۔ انہوں نے اپنے پیام میں جیہ للیتا کی درازی عمر اور تندرستی کیلئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا ۔ جب نریندر مودی گجرات کے چیف منسٹر تھے ۔ سال 2011 ء میں جیہ للیتا کی تقریب حلف برداری میں شرکت کی تھی اور اس کے اگلے سال جیہ للیتا نے نریندر مودی کی تقریب حلف برداری میں شرکت کیت ھی ۔ جب وہ (مودی) دوسری میعاد کیلئے منتخب ہوئے تھے ، گورنر ٹاملناڈو کے روشیا نے چیف منسٹر کی ستائش کرتے ہوئے کہاکہ ریاست کی مثالی ترقی کا سہرا جیہ للیتا کے سر جاتا ہے ۔ چیف منسٹر آندھراپردیش چندرا بابو نائیڈو اور مرکزی وزیر ایم وینکیا نائیڈو نے بھی ٹیلیفون پر سالگرہ کی مبارکباد پیش کی۔ اس موقع پر ریاستی وزرا نے منادر میں خصوصی پوجا کروائی اور فلاحی اسکیمات کا آغاز کیا جبکہ چینائی میں وزراء اور پارٹی کارکنوں نے 68 کیلو وزنی کیک کاٹ کر سالگرہ کا جشن منایا۔