حیدرآباد 3 مارچ (این ایس ایس) چیف منسٹر مسٹر کے چندرشیکھر راؤ نے آج ضلع عادل آباد میں جئے پور کے قریب پیگڑا پلی کے مقام پر 600 میگاواٹ پاور پلانٹ کے تیسرے یونٹ کا سنگ بنیاد رکھا۔ یہ میگا پاور پراجکٹ سنگارینی کالریز کی جانب سے قائم کیا جارہا ہے جسے اندرون 3 سال مکمل کیا جائے گا۔ اِس پراجکٹ کی تکمیل کے بعد تلنگانہ ریاست میں برقی کی ضروریات بہ آسانی پوری ہوسکے گی۔ حکومت برقی بحران سے نمٹنے کے لئے کوششیں تیز تر کرچکی ہے۔ کے سی آر نے آج تصویری نمائش کا بھی مشاہدہ کیا جس میں سنگارینی کالریز کے اب تک کے مکمل کاموں کو نمایاں کیا گیا تھا۔ بعدازاں صدرنشین و منیجنگ ڈائرکٹر سنگارینی کالریز سریدھر کے ساتھ اعلیٰ سطحی اجلاس میں چیف منسٹر نے جاری کاموں کی پیشرفت کا جائزہ لیا اور عہدیداروں کو 2018 ء تک پاور پلانٹ مکمل کرنے کی ہدایت دی۔ چیف منسٹر نے یہاں بعض ترقیاتی پروگرامس میں بھی حصہ لیا۔ اُنھوں نے کہاکہ ریاستی حکومت زرعی اور صنعتی شعبہ کو خاطر خواہ برقی سربراہی کو اولین ترجیح دے رہی ہے۔ ریاست کی ترقی کے لئے اِن دو شعبوں کو بلا رکاوٹ برقی سربراہی ضروری ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ برقی کی قلت عارضی ہے اور یہ مسئلہ بہت جلد حل کرلیا جائے گا۔ اُنھوں نے کہاکہ 2017 ء میں زرعی شعبہ کو 12 گھنٹے بلا رکاوٹ برقی سربراہ کی جائے گی۔ موجودہ بحران سے نمٹنے کیلئے چیف منسٹر نے پہلے خانگی شعبہ سے برقی خریدنے کی عہدیداروں کو ہدایت دی ہے۔