حیدرآباد 25 اپریل (سیاست نیوز) چیف منسٹر چندر شیکھر راؤ نے آج کانٹینینٹل ہاسپٹل پہنچ کر حکومت کے مشیر برائے آبپاشی آر ودیا ساگر راؤ کی عیادت کی۔ ودیا ساگر راؤ کی حالت نازک ہے اور انہیں وینٹی لیٹر پر رکھا گیا ہے ۔ چیف منسٹر نے ڈاکٹرس سے بات کرتے ہوئے ودیا ساگر راؤ کی صحت اور علاج کے بارے میں معلومات حاصل کی ۔ انہوں نے ودیا ساگر راؤ کے ارکان خاندان سے بھی بات کی اور حکومت کی جانب سے ہر ممکن طبی سہولت فراہم کرنے کا تیقن دیا ۔ ودیا ساگر راؤ کی اہلیہ نے جب یہ کہا کہ چیف منسٹر ملنے آئے ہیں تو کے سی آر نے حکومت کے مشیر کے سینے پر ہاتھ رکھ کر انہیں نام سے پکارا اور کہا کہ ’’ودیا انا ودیا انا، میں کے سی آر‘‘ چیف منسٹر کی آواز سن کر ودیا ساگر راؤ نے اپنی آنکھیں کھولیں اور خوشی کا اظہار کیا۔ ڈاکٹروں نے بتایا کہ ودیا ساگر راؤ پر علاج کا بہتر اثر ہورہا ہے اور امید کی جا سکتی ہے کہ بہت جلد ان کی حالت میں سدھار آئیگا۔ ڈاکٹروں نے بتایا کہ کچھ دیر کیلئے وینٹی لیٹر کو علحدہ کیا گیا تھا۔ اگر حالت بہتر ہوتی ہے تو وینٹی لیٹر کو ہٹادیا جائے گا ۔ چیف منسٹر نے علاج پر اطمینان کا اظہار کیا اور ڈاکٹروں کی ٹیم سے اظہار تشکر کیا۔ چیف منسٹر کے ہمراہ ارکان پارلیمنٹ ونود کمار ، جی سکھیندر ریڈی اور چیف منسٹر کے مشیر سیاسی امور سبھاش ریڈی اور دوسرے موجود تھے۔ واضح رہے کہ ٹی آر ایس کے قیام کے بعد سے ریٹائرڈ انجنیئر انچیف ودیا ساگر راؤ نے کے سی آر کے ساتھ شانہ بشانہ تلنگانہ تحریک میں حصہ لیا تھا ۔ متحدہ آندھر اپردیش میں تلنگانہ سے آبپاشی شعبہ میں ناانصافیوں کو اجاگر کرنے میں ودیا ساگر راؤ کا اہم رول رہا ہے۔ حکومت کی تشکیل کے بعد چیف منسٹر نے انہیں کابینی درجہ کے ساتھ مشیر برائے آبپاشی امور مقرر کیا۔