وزیر داخلہ ‘ ڈی جی پی اور کمشنر حیدرآباد کے ساتھ جائزہ اجلاس
حیدرآباد۔/19جون، ( سیاست نیوز) چیف منسٹر چندر شیکھر راؤ نے آج وزیر داخلہ این نرسمہا ریڈی اور پولیس کے اعلیٰ عہدیداروں کے ساتھ ملاقات میں ریاست میں امن و ضبط کی صورتحال کا جائزہ لیا۔باوثوق ذرائع کے مطابق وزیر داخلہ این نرسمہا ریڈی اور ڈائرکٹر جنرل پولیس انوراگ شرما کے علاوہ حیدرآباد کے پولیس کمشنر مہیندر ریڈی اور انٹلیجنس چیف نے چیف منسٹر سے ملاقات کی۔ اس ملاقات میں حیدرآباد میں رمضان المبارک اور بونال تہوار کے موقع پر سیکورٹی کے مناسب انتظامات کا جائزہ لیا گیا۔ پولیس عہدیداروں نے عید اور تہوار کے موقع پر امن وضبط کی برقراری کو یقینی بنانے پولیس کے وسیع تر انتظامات سے چیف منسٹر کو واقف کرایا۔ چیف منسٹر نے پولیس کو ہدایت دی کہ امن و ضبط کی برقراری کے مسئلہ پر کوئی کوتاہی نہ کریں۔ اجلاس میں آندھرا پردیش اسمبلی کے جاریہ اجلاس کے سلسلہ میں سیکورٹی انتظامات کا مسئلہ بھی زیر غور رہا۔ آندھرا پردیش اسمبلی کے اجلاس کے موقع پر اسمبلی اور اس کے اطراف تلنگانہ پولیس سیکورٹی کے انتظامات کررہی ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ ہماچل پردیش میں حیدرآباد کے ایک انجینئرنگ کالج کے طلبہ کی غرقابی کے سلسلہ میں بھی پولیس عہدیداروں نے چیف منسٹر کو تازہ ترین صورتحال سے واقف کرایا۔ ہماچل پردیش کی بیاس ندی میں نعشوں کی تلاشی کے کام کی تفصیلات کو آگاہ کیا گیا۔ تلنگانہ کے وزیر ٹرانسپورٹ مہیندر ریڈی نعشوں کی تلاشی کے کام کی نگرانی کے لئے منالی میں قیام کئے ہوئے ہیں۔