بلند بانگ وعدوں کے ذریعہ ہوائی قلعے تعمیر کرنے کا الزام
پٹنہ 25 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) اب جبکہ وزیراعظم نریندر مودی بہار میں اسمبلی انتخابات کیلئے بی جے پی کی مہم کا آغاز کرنے والے ہیں، چیف منسٹر نتیش کمار نے بھی وزیراعظم کو تنقید کا نشانہ بنانا شروع کردیا ہے اور گزشتہ لوک سبھا انتخابات کے دوران کالا دھن کی واپسی، کسانوں کے مسائل اور بہار کی ترقی کیلئے ان کے وعدوں کے بارے میں متعدد سوالات اٹھائے ہیں۔ چیف منسٹر نے اپنے ٹوئٹر پر بتایا کہ میں نے 7 اہم سوالات اٹھائے ہیں جس میں بہار کے تعلق سے 2 مخصوص اور دیگر 5 میرے نقطہ نظر کے بارے میں ہیں جس پر ہندوستانی عوام، وزیراعظم کا ردعمل چاہتے ہیں۔ انھوں نے وزیراعظم پر طنز کرتے ہوئے کہاکہ ہم شکر گذار ہیں کہ تقریباً 14 ماہ بعد دورہ بہار کے لئے نریندر مودی کو وقت ملا اور وزیراعظم کے مزید وعدوں کی سماعت کے لئے تیار ہیں گوکہ پرانے وعدے فراموش کردیئے گئے ہیں۔ وزیراعظم کے مجوزہ دورہ پر نتیش کمار نے دریافت کیاکہ بہار کے لئے خصوصی درجہ کا وعدہ کیا ہوا۔
گزشتہ 14 ماہ سے اب تک ریاستی عوام انتظار میں ہیں۔ ستم ظریفی یہ ہے کہ 14 ویں فینانس کمیشن کی رپورٹ اور بیاک ورڈ ریجنل گرانٹ منڈل، پسماندہ علاقہ ترقیاتی فنڈس سے دستبرداری کے باعث بہار کو گزشتہ 5 سال کے دوران 50,000 کروڑ سے محروم ہونا پڑا۔ انھوں نے وزیراعظم سے سوال کیاکہ آیا یہ امداد باہمی وفاقیت ہے۔ بیرونی ممالک سے کالا دھن واپس لانے پر 15 تا 20 لاکھ روپئے حاصل کرنے کے لئے عوام شدت سے انتظار میں ہیں۔ کیا ہم اس خصوص میں معلوم کرسکتے ہیں۔ اس وعدہ کی تکمیل کب ہوگی۔ سب سے پہلے آپ (وزیراعظم) اقل ترین امدادی قیمتوں سے انحراف کیا پھر کسانوں کے مصائب و آلام سے منہ موڑ لیا۔ بالآخر جدید اراضی بل لے کر آگئے۔
انھوں نے یہ استفسار کیاکہ کسانوں کے ساتھ وعدہ خلافی کیوں کی گئی۔ آپ نے یہ بھی تیقن دیا تھا کہ سال 2022 ء تک برقی اور پانی کی بنیادی سہولیات کے ساتھ ہر ایک کیلئے مکان تعمیر کیا جائے گا لیکن کسی بھی منصوبہ یا فنڈس مختص کئے بغیر اس وعدہ کی تکمیل کس طرح کی جائے گی۔ آپ نے عوام میں یہ تاثر دیتے ہوئے جن دھن اسکیم شروع کی تھی کہ یہ محض بینک اکاؤنٹ نہیں بلکہ اس سے عوام کا مقدر بھی کھل جائے گا لیکن آج 70 فیصد سے زائد اکاؤنٹس غیر کارکرد ہوگئے اور کوئی بھی یہ نہیں جانتا کہ ان اکاؤنٹس کے ذریعہ غریبوں کو کس طرح فائدہ ہوگا۔ مسٹر نتیش کمار نے الزام عائد کیاکہ مرکزی حکومت سے مٹھی بھر سرمایہ کار فائدہ اٹھارہے ہیں۔ ایک سوال یہ ہے کہ عام آدمی کے لئے اچھے دن کب آئیں گے۔ بہار میں اسمبلی انتخابات کے پیش نظر وزیراعظم دورہ کرنے والے ہیں۔ نتیش کمار جن کی نریندر مودی سے مخاصمت مشہور ہے۔ مختلف سوالات کے ذریعہ سیاسی آتشبازی شروع کردی ہے تاکہ بہار کے عوام کو یہ قائل کروایا جاسکے کہ وزیراعظم صرف بلند بانگ دعوؤں کے ذریعہ ہوائی قلعے تعمیر کرتے ہیں عمل آوری کے معاملہ میں ناقابل اعتبار ہیں۔