چیف منسٹر مہاراشٹرا مستعفی

ممبئی ۔ 26 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) مہاراشٹرا میں این سی پی، کانگریس اتحاد ٹوٹنے کے بعد چیف منسٹر مہاراشٹرا پرتھوی راج چوہان نے آج استعفیٰ دیدیا جبکہ مہاراشٹرا میں کانگریس زیرقیادت مخلوط حکومت سے این سی پی کی علحدگی کے ایک دن بعد یہ حکومت اقلیت میں آ گئی ہے۔ بی جے پی نے آج مطالبہ کیا کہ حکومت کو فوری برطرف کرکے ریاست میں صدر راج نافذ کیا جائے۔ بی جے پی کے سینئر لیڈر اور اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر ایکناتھ کھڈسے نے گورنر سی دیاکر ساگر راؤ سے ملاقات کی اور پرتھوی راج چوہان حکومت کی فوری برطرفی کا مطالبہ کرتے ہوئے مکتوب پیش کیا۔ پارٹی ذرائع نے کہا کہ کھڈسے نے گورنر سے ملاقات کی اور حکومت کو برطرف کرنے کا مطالبہ کیا۔ راج بھون کے ذرائع نے اس ملاقات کی توثیق کی ہے۔ کل رات ڈپٹی چیف منسٹر اور این سی پی لیڈر اجیت پوار نے بھی گورنر سے ملاقات کی تھی۔ انہوں نے کانگریس سے اتحاد توڑنے سے متعلق گورنر کو واقف کروایا تھا۔