حیدرآباد 28 مئی ( این ایس ایس ) کانگریس کے سینئر لیڈر ٹی جیون ریڈی نے آج مطالبہ کیا کہ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ بارہا سروے کروانے کی بجائے دوسری جماعتوں سے ان کی پارٹی میں شامل ہونے والے ارکان اسمبلی کو مستعفی کروائیں اور دوبارہ مقابلہ کروائیں۔ یہاں اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے مسٹر ٹی جیون ریڈی نے ٹی آر ایس سربراہ سے کہا کہ وہ بارہا سروے کیوں کروا رہے ہیں۔ بارہا سروے سے پتہ چلتا ہے کہ چیف منسٹر کو خود اپنے ارکان اسمبلی میں زیادہ یقین نہیں ہے ۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ ریاستی حکومت سروے کے نام پر عوام کی آنکھوں میں دھول جھونکنا چاہتی ہے ۔ انہوں نے چیف منسٹر پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے ریاست کو قرض میں مبتلا کردیا ہے ۔ انہوں نے پیش قیاسی کی کہ آئندہ انتخابات میں کے سی آر کو گجویل حلقہ اسمبلی سے بھی شکست کا سامنا کرنا پڑے گا ۔ ایم ایل سی پی سدھاکر ریڈی نے بھی کے سی آر کے سروے کو کھلاڑی سروے قرار دیا اور کہا کہ عوامی مسائل کو پس پشت ڈالنے ایسے سروے کروائے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ٹی آر ایس اور بی جے پی چیلنجوں اور جوابی چیلنجوں کے ذریعہ ریاست میں انتخابی ماحول تیار کرنے میں مصروف ہوگئے ہیں۔