حیدرآباد ۔13 ۔ اپریل (سیاست نیوز) تلنگانہ اور آندھراپردیش میں حالیہ پولیس انکاؤنٹرس کے واقعات اور پڑوسی ریاست چھتیس گڑھ میں نکسلائیٹس کی سرگرمیوں میں اچانک اضافہ کے بعد چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ کی سیکوریٹی میں زبردست اضافہ کردیا گیا ہے ۔ چیف منسٹر کی سیکوریٹی سے متعلق عہدیداروں نے انٹلیجنس حکام سے مشاورت کے بعد چیف منسٹر کی سیکوریٹی میں اضافہ کا فیصلہ کیا ہے۔ چیف منسٹر کی گاڑیوں کے قافلہ میں عصری آلات کے ساتھ لیس نئی گاڑی ’’فائر فائٹر‘‘ کو شامل کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ یہ گاڑی چیف منسٹر کے دورہ اضلاع کے موقع پر زیادہ کارآمد ثابت ہوسکتی ہے۔ انٹلیجنس سیکوریٹی ونگ نے بلٹ پروف فائر فائٹر نامی گاڑی کو قافلوں میں شامل کرنے کا فیصلہ کیا اور یہ گاڑی چیف منسٹر کی سیکوریٹی کیلئے بطور خاص ڈیزائین کی گئی ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ یہ گاڑی کسی بھی حملہ کی صورت میں محفوظ رہ سکتی ہے۔